واٹس ایپ کا نیا فیچر،اب گروپس کو بغیر کسی نام کے بنانا ممکن ہوگا
04:00 PM, 25 Aug, 2023
واٹس ایپ کے نئے فیچر کے تحت اب گروپس کو بغیر کسی نام کے بنانا ممکن ہو جائے گا۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران میٹا کی جانب سے واٹس ایپ میں متعدد نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔جن میں ایڈٹ میسج، اسکرین شیئرنگ، ایچ ڈی فوٹوز اور انسٹنٹ ویڈیو میسج وغیرہ شامل ہیں۔ میٹاکی زیر ملکیت واٹس ایپ کی جانب سے اب گروپس کو بہتر بنانے کیلئے ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت اب گروپس کو بغیر کسی نام کے بنانا ممکن ہو جائے گا۔ اس حوالے سے میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ یہ ایک سادہ فیچر ہے مگر بہت کارآمد ثابت ہوگا۔ واٹس ایپ گروپ بنانے کیلئے ایک نام کی ضرورت ہوتی تھی لیکن اس فیچر کے بعد اس کی ضرورت نہیں رہے گی کیونکہ بغیر نام کے گروپ بنایا جا سکے گا تاہم اس گروپ میں لوگوں کی بہت کم تعداد کو شامل کرنا ممکن ہوگا۔اس گروپ میں صرف 6 افراد شامل ہوسکیں گے۔ کمپنی کی جانب سے اس طرح کے گروپس کو گروپ میں شامل افراد کے ناموں پر کوئی نام دیا جائے گا، ہر فرد کے سامنے گروپ کا نام مختلف ہوگا، جس کا انحصار اس پر ہوگا کہ دیگر اراکین کے نام ان کے فون میں محفوظ ہیں یا نہیں۔ واٹس ایپ کی جانب سے آئند چند ہفتوں کے دوران یہ فیچر دنیا بھر میں صارفین کے لیے متعارف کرا دیا جائے گا۔