ویب ڈیسک: قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے بنگلادیش میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل کردی۔
محمد رضوان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ بنگلادیش کے عوام اس وقت تباہ کن سیلاب کا سامنا کر رہے ہیں، ہماری دعائیں بنگلادیش کے عوام کے ساتھ ہیں جو ہمت و جرات کیساتھ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ میں تمام لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اس مشکل گھڑی میں اپنے بھائی بہنوں کی مدد کے لیے متعلقہ خیراتی اداروں میں دل کھول کر عطیات دیں۔
پیغام کے آخر میں محمد رضوان نے بنگلادیش کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لئے بنگالی زبان میں لکھا کہ 'ہم آپ کے ساتھ ہیں'۔
واضح رہے کہ بنگلادیش میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک جبکہ لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔