پاکستان قائداعظم کی جدوجہد کے بغیر ہمارا مقدر نہیں بن سکتا تھا: وزیراعظم
04:47 AM, 25 Dec, 2021
اسلام آباد: (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج ہم اپنے عظیم رہنما قائداعظم محمد علی جناحؒ کا یوم پیدائش منا رہے ہیں۔ یہ ہماری نسل اور ہمارے بچوں کے لیے فخر کی بات ہے کہ وہ ایک آزاد پاکستان میں پیدا ہوئے جو قائداعظم کی جدوجہد کے بغیر ہمارا مقدر نہیں بن سکتا تھا۔ ہمیں بحیثیت قوم قائد کے ترقی یافتہ، ترقی پسند اور روادار پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ان اوصاف کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ یوم قائد کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کی اہمیت کا احساس کیا جہاں تمام شہری عقیدے کی آزادی، پیشہ اور مساوی مواقعوں کا حق رکھتے ہوں۔ قائد اعظم کا بڑے چیلنجوں اور مخالفتوں کے باوجود قوم کو متحد کرنے کا عزم ان کی ثابت قدمی سے ہی ممکن ہوا۔ مشکلات اور چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کے لیے انہوں نے اللہ تعالیٰ پر پختہ یقین اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اصولوں سے رہنمائی حاصل کی۔ وزیراعظم نے نوجوانوں پر زور دیاکہ جناح کی ایمانداری، محنت، استقامت اور ایک بڑے مقصد کے لیے لگن نے انہیں ہمارا عظیم لیڈر یعنی قائداعظم بنایا، ہمیں بحیثیت قوم قائد کے ترقی یافتہ، ترقی پسند اور روادار پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ان اوصاف کو اپنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد کے وژن کے مطابق ہماری حکومت کرپشن سے پاک معاشرے اور غریب اور پسماندہ شہریوں کی مدد کرنے والے نظام کے لیے کوشاں ہے، پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے اور ان پر قابو پانے کا واحد حل قائد کے اتحاد، ایمان اور نظم کے نظریات پر عمل پیرا ہونا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج کا دن اسی جذبے سے اکٹھے ہونے کا دن ہے جس طرح ہمارے آباؤ اجداد تحریک آزادی کے دوران متحد ہوئے تھے۔ آئیے ہم ذات، مسلک اور عقیدے کی بنیاد پر اپنے اختلافات کو ختم کر کے متحد ہو کر کام کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ وہ ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے تصور کے مطابق روئے زمین کی مضبوط ترین قوم بننے کی طاقت اور اتحاد عطا فرمائے۔