امریکا جانے کے خواہشمندوں کیلئے خوشخبری، انٹرویو کی شرط ختم
06:32 AM, 25 Dec, 2021
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا جانے کے خواہشمندوں کیلئے خوشخبری ہے کہ اب یو ایس حکومت نے انٹرویو کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تمام قونصل خانوں کو جلد از جلد ویزے جاری کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکا ویزوں کے خواہشمند غیر ملکی افراد کو ویزے جاری کرنے کے عمل میں آسانیاں پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اب کسی غیر ملکی سے انٹرویو نہیں لیا جائے گا۔ یہ فیصلہ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی ویزا کیلئے درخواستیں جمع کروانے والوں کے انٹرویوز کئے جاتے تھے۔ اس کے بعد فیصلہ کیا جاتا تھا کہ انہیں ویزا جاری کیا جائے یا نہیں۔ اب امریکی حکام اس طریقہ کار کو تبدیل کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ تمام یو ایس قونصلرز کو ہدایات کی گئی ہیں کہ رواں سال 31 دسمبر کے بعد ویزوں کے اجرا کا عمل تیز کر دیا جائے اور کسی درخواست گزار کا انٹرویو نہ لیا جائے۔ اس سلسلے میں امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے لسٹ جاری کی گئی ہے جس کے تحت قونصل خانوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ان کیٹیگریز کے حامل درخواست گزاروں کے ڈاکیومینٹس دیکھیں لیکن ان سے انٹرویوز نہ لئے جائیں۔ جن افراد کو بغیر انٹرویوز ویزے جاری کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں ان میں پیشہ ور افراد، سپیشل ایجوکیشن ویزیٹرز، انٹرا کمپنی ٹرانسفر، غیر معمولی قابلیت، کھلاڑیوں، فنکاروں، ثقافتی سرگرمیوں کے حامل افراد، ثقافتی ایکسچینج پروگرام، زرعی کارکن، طلبہ، طلبہ ایکسچینج ویزیٹر شامل ہیں۔