ضمانت خارج، مسلم لیگ (ن) کا اہم رہنما کمرہ عدالت سے فرار

04:36 AM, 25 Feb, 2022

Rana Shahzad
گوجرانوالہ: (ویب ڈیسک) گوجرانوالہ میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ملک سہیل ضمانت خارج ہونے پر عدالت سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ان کیخلاف بوگس چیک دینے کا مقدمہ چل رہا ہے۔ یہ دلچسپ واقعہ گوجرانوالہ کی مقامی عدالت میں پیش آیا جہاں مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی ملک سہیل کے خلاف چھ کروڑ روپے کا بوگس چیک دینے سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی۔ ملک سہیل کے خلاف 29 جنوری کو بوگس چیک دینے سے متعلق ایک مقدمہ درج کروایا گیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج نے حکم دیا کہ ملک سہیل کی ضمانت خارج کر دی جائے۔ تاہم پولیس کے گرفتار کرنے سے قبل ہی لیگی رہنما کمرہ عدالت سے فرار ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کی تمام کوششوں کے باوجود تاحال ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔ واضح رہے کہ ملک سہیل قومی اسمبلی کے حلقہ اٹک 2 سے مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ ان کا شمار اپنے علاقے کی بااثر شخصیات میں ہوتا ہے۔ لیگی ایم این اے الیکشن 2018ء سے قبل پی ٹی آئی کا کا حصہ تھے۔ تاہم ٹکٹ نہ ملنے پر وہ مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے تھے۔ انہوں نے میجر ریٹائرڈ طاہر صادق سے الیکشن میں مقابلہ کیا تھا لیکن وہ ہار گئے تھے۔ بعد ازاں ضمنی الیکشن ہوئے تو ملک سہیل خان الیکشن جیت گئے اور تحریک انصاف اپنی ہی جیتی ہوئی سیٹ ہار گئی تھی۔
مزیدخبریں