مسلم لیگ ق نے اپوزیشن سے پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ مانگ لی
01:27 PM, 25 Feb, 2022
لاہور ( پبلک نیوز) حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کی جوڑ توڑ جاری، پاکستان مسلم لیگ (ق) نے اپوزیشن سے پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ مانگ لی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اور (ق) لیگ کی اعلیٰ قیادت کے درمیان رابطہ ہوا جس میں چوہدری برادران نے سابق صدر آصف زرداری کو چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا۔ (ق) لیگ نے اپوزیشن سے پنجاب میں وزارتِ اعلیٰ مانگی ہے اور لیگی قیادت کا دو ٹوک مؤقف ہےکہ اس سے کم پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ وزارتِ اعلیٰ ملنے کی صورت میں (ق) لیگ نے پنجاب اور مرکز میں ان ہاؤس تبدیلی کی کامیابی کی ضمانت دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ (ق) لیگ کا کہنا ہےکہ مرکز میں مکمل طور پر اپوزیشن کی حمایت کریں گے تاہم (ق) لیگ نے ملک میں فوری نئے انتخابات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضروری ہو تو قومی اسمبلی کے انتخابات کروادیے جائیں لیکن صوبائی اسمبلیوں کی مدت پوری ہونی چاہیے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ آصف زرداری نے ق لیگ کی شرائط سے ن لیگ کو آگاہ کردیا ہے جس کے بعد لیگی قیادت نے بھی اہم رہنماؤں سے مشاورت شروع کردی ہے۔ یاد رہے کہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کی جوڑ توڑ جاری ہے اور اس سلسلے میں حکومتی اتحادیوں سے بھی رابطے کیے جارہے ہیں۔