ویب ڈیسک :امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کینیڈا اور میکسیکو سے درآمدات پر "مقررہ وقت پر اور شیڈول کے مطابق" ٹیرف عائد ہوں گے۔
پیر کو فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران صدرٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ کیا کینیڈا اور میکسیکو نے امریکہ کے 25 فی صد ٹیرف کے اطلاق سے بچنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں؟ جس پر انہوں نے کہا کہ ٹیرف کا اطلاق اپنے وقت پر اور شیڈول کے مطابق ہونے جا رہا ہے۔
صدر ٹرمپ کا یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب امریکہ کے دونوں پڑوسی ممالک چار مارچ کی ڈیڈ لائن سے قبل امریکہ کے ساتھ اپنی سرحد پر سیکیورٹی کو مزید سخت اور فینٹینیل کی اسمگلنگ کے تدارک کی کوشش کر رہے ہیں۔
امریکی صدر نے یکم فروری کو ایک انتظامی حکم نامے کے تحت کینیڈا اور میکسیکو سے درآمد ہونے والی اشیا پر 25 فی صد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ایگزیکٹو آرڈر کے دو روز بعد میکسیکو اور کینیڈا نے غیر قانونی تارکینِ وطن کی امریکہ آمد اور غیر قانونی منشیات پر قابو پانے کے لیے سرحد پر حفاظتی کوششوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔ بعدازاں صرف ٹرمپ نے دونوں ملکوں پر ٹیرف کے نفاذ کو 30 دن کے لیے روک دیا تھا۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس، یو ایس ٹریڈ ریپرزینٹیٹو یا امریکی کامرس ڈپارٹمنٹ کا کینیڈا اور میکسیکو پر ٹیرف کے لیے چار مارچ کی ڈیڈ لائن میں توسیع یا ان ممالک سے کسی قسم کے مذاکرات کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ گاڑیوں، دوا سازی کے لیے درکار اجزا اور سیمی کنڈکٹرز کی درآمدات پر 25 فی صد ٹیرف عائد کرنا چاہتے ہیں تاکہ امریکہ کی محصولات کی شرح دیگر ممالک کی ڈیوٹی اور تجارتی رکاوٹوں کے متوازی ہو سکے۔