ویب ڈیسک: افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ ٹیم کے 11 کھلاڑی کل اچھا کھیلیں گے اور انگلینڈ کی ٹیم کو شکست دیں گے۔
افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے لاہور میں پریس کانفرنس کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2023 میں انگلینڈ کے خلاف بڑا اچھا کھیلے، مگر وہ ماضی کا حصہ ہے۔ ہم اب مکمل طور پر تیار ہیں۔ کل ایک نیا دن ہے اور انگلینڈ کو شکست دینے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب لیجنڈز اور کرکٹ کے تجزیہ کار آپکی ٹیم کے بارے میں مثبت بولتے ہیں تو اچھا لگتا ہے۔سیمی فائنل میں رسائی تب ہوگی جب آپ میدان پر اچھا کھیلیں گے۔ گراؤنڈ میں آپکو اپنا 100 فیصد دینا پڑتا ہے۔ ہم کھلاڑی ہیں، ہم گراؤنڈ سے باہر ہونے والی چیزوں پر دھیان نہیں دیتے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ساؤتھ افریقہ کے خلاف وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار تھی، ہم بیٹنگ میں اچھا نہیں کر سکے۔ یونس خان ایک لیجنڈ ہیں انکے ساتھ رہنے سے کافی فائدہ ہوا ہے۔ یونس کی بات کو تمام کھلاڑی دھیان سے سنتے ہیں۔ یونس خان ان کنڈیشنز سے اچھی طرح واقف ہیں۔ ہمیں تمام 11 کھلاڑیوں سے امید ہے کہ وہ اچھا کھیلیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ کرے کہ کل کی وکٹ اسپنرز کے لیے سازگار ہو۔ انگلینڈ کی ٹیم ایک مضبوط ٹیم ہے کوشش کریں گے کہ آخری بال تک لڑیں۔ پاکستان میں بھی افغانستان کے فینز کی بڑی تعداد ہے۔ امید ہے کہ یہاں بھی کافی سپورٹ ملے گی۔ فینز کے سپورٹ سے کافی مدد ملتی ہے۔ بڑی ٹیموں کے خلاف صرف اسپنرز کے ساتھ میچ نہیں جیت سکتے۔
قبل ازیں آئی سی سی چیمپئنزٹرافی میں پریکٹس سیشن کیلئے افغانستان کی ٹیم لاہور کے قذافی اسٹیڈیم پہنچی تھی۔ جہاں افغان ٹیم کا 3 گھنٹے کا ٹریننگ سیشن شیڈولڈ ہے۔
افغانستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان میچ کل کھیلا جائے گا۔