وسیم اکرم بھی کورونا وائرس میں مبتلا
09:08 AM, 25 Jan, 2022
کراچی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو گھر میں آئسولیٹ کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عمان میں جاری لیجینڈز لیگ سے واپسی پر وسیم اکرم کا کورونا ٹیسٹ ٹیسٹ کیا گیا تھا جس کی رپورٹ پازیٹو آئی ہے۔ وسیم اکرم نے کورونا وائرس کی رپورٹ پازیٹو آنے کے بعد خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔ دوسری جانب وسیم اکرم کے کورونا ٹیسٹ نتائج سے متعلق کراچی کنگز نے کسی بھی قسم کا بیان جاری کرنے سے گریز کیا ہے۔ کنگز مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ یہ پی سی بی کا استحقاق ہے کہ وہ میڈیا سے معلومات شیئر کرے یا نہ کرے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل گذشتہ روز لیجنڈز لیگ سے واپسی پر پشاور زلمی کے کھلاڑی کامران اکمل اور ارشد اقبال کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔ دوسری جانب پی ایس ایل سیون کے لئے ٹیموں نے بھرپور پریکٹس کا آغاز کر دیا ہے۔ پہلا میچ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ لاہور قلندر، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز نے مکمل سکواڈ کے ساتھ فزیکل، بیٹنگ اور بائولنگ پریکٹس کی۔ کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی نیشنل سٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس جاری ہے۔ دونوں ٹیموں کو سخت سکیورٹی میں سٹیڈیم پہنچایا گیا۔