ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر مریم نواز کا ردعمل

01:37 PM, 25 Jan, 2022

Rana Shahzad
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران حکومت سے زیادہ کرپٹ، بدعنوان اور رشوت خور حکومت پاکستان کی تاریخ میں نہیں آئی۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہر شعبے میں تنزلی کے ریکارڈ بنانے والے عمران خان کے دور میں صرف ایک شعبے میں ترقی ہوئی اور وہ ہے چوری اورلوٹ مار۔عوام کی جیبیں خالی کر نے والےعمران مافیا نے دیدہ دلیری سے پاکستان پر ہاتھ صاف کیے۔ واضح رہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کرپشن مزید بڑھ گئی ہے۔ کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پاکستان دنیا میں 140ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ بین الاقوامی ادارے نے کہا ہے کہ پاکستان کرپشن رینکنگ میں 16 درجے اوپر چلا گیا ہے۔ 2020ء میں پاکستان کا نمبر دنیا بھر میں 124واں تھا۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کرپشن گذشتہ برس کے مقابلے میں بڑھ گئی۔پچھلے سال کرپشن رینکنگ میں پاکستان کی میں 4 درجے تنزلی ہوئی تھی۔ 2019ء میں کرپشن سے متعلق اس فہرست میں پاکستان کا رینک 120 تھا۔ 2020ء میں کرپشن کیخلاف پاکستان کا سکور ریٹ 31 جبکہ بھارت کرپشن کیخلاف 40 سکور کے ساتھ 86 نمبر پر رہا تھا۔ گذشتہ سال جاری ہونے والی رپورٹ میں صومالیہ اور جنوبی سوڈان کرپٹ ترین ملک قرار دئیے جبکہ نیوزی لینڈ اور ڈنمارک کرپشن کے خلاف 88 سکور کیساتھ پہلے نمبر رہے تھے۔ 2020ء میں کینیڈا اور برطانیہ 77 پوائنٹس سکور کے ساتھ 11ویں، امریکا 67 پوائنٹس کے ساتھ 25ویں نمبر پر رہا۔ سنگاپور کا سکور 85، برطانیہ کا 77، یو اے ای کا 71 رہا۔
مزیدخبریں