یہ گرفتاری نہیں اغوا ہے ، اہلیہ فواد چوہدری
07:32 AM, 25 Jan, 2023
لاہور: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری سے متعلق ان کی اہلیہ حبا فواد نے کہا ہے کہ یہ گرفتاری نہیں اغوا ہے ۔ نجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد نے کہا کہ ہم اس کو گرفتاری نہیں کہیں گے،اغوا کہیں گے ، 8 سے 10 پولیس والے گیٹ کھول کر ہمارے گھر میں گھس آئے اور بغیر کوئی ایف آئی آر دکھائے فواد کو پکڑ کر لے گئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ میری درخواست ہے کہ امپورٹڈ حکومت جو کررہی ہے یا جس نے بھی فواد چوہدری کو اٹھایا ہے ہمیں بتایا جائے کہ انہیں کس رول کے تحت اٹھایا گیا ہے ، ہم سے کسی نے رابطہ بھی نہیں کیا ، ان کو چار ڈالوں میں بٹھا کر ان کا فون لے کر چلے گئے، ہمیں کچھ نہیں پتا انہیں کہاں لے کر گئے ہیں ہم نے پنجاب میں متعلقہ تھانوں سے رابطہ کیا لیکن کوئی جواب نہیں آیا ۔ حبا فواد نے بتایا کہ یہ تو سراسر اغوا ہے کہ ہم اب اپنے گھر میں بھی محفوظ نہیں ہیں ، لوگ ہمیں گھر میں گھس کر اٹھاکر لے جائیں گے کس طرح کا ملک ہے یہاں کس طرح کا قانون ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میری چیف جسٹس آف پاکستان ، وزیر اعظم پاکستان سے یہی درخواست ہے کہ بتایا جائے کہ فواد کو کہاں لے کر گئے ہیں یا پھر ان کے اغوا کی ایف آئی آر درج کی جائے۔