' زندگی اور موت کا ایک وقت مقرر ہے، مجھے جیل سے کوئی فکر نہیں'

04:02 PM, 25 Jan, 2023

احمد علی
لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ زندگی اور موت کا ایک وقت مقرر ہے، مجھے جیل سے کوئی فکر نہیں ہے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سب کو کہتا ہوں جیل سے نہیں ڈرنا کتنے لوگوں کو جیلوں میں ڈالیں گے، ڈال دیں، پاکستانی اگر آج کھڑے نہ ہوئے تو آگے اندھرا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو منشی کہنے پر جمہوریت میں کسی کو پکڑا جاتا ہے؟، الیکشن کمیشن بتائے چن کر ہمارے مخالف محسن نقوی کو نگراں وزیراعلی بنایا، ہم نے نیوٹرل امپائرز رکھنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت گرانے میں اس کا اہم کردار تھا، کیا اس کا چینل ہمارے خلاف پراپگینڈا نہیں کر رہا ، نیب کے موجودہ چیئرمین آفتاب سلطان نے محسن نقوی کے خلاف انکوائری کی تھی، محسن نقوی نے آتے ہی ہمارے خلاف کارروائی شروع کردی۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ محسن نقوی شفاف الیکشن کرانے نہیں بلکہ کراچی کے بلدیاتی الیکشن کا منظر نامہ پنجاب میں دہرانے آیا ہے، محسن نقوی کے آنے سے واضح ہوگیا ان کا الیکشن کرانے کا ارادہ نہیں ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ آئین کے تحت اسمبلی ختم ہونے کے 48 گھنٹے میں الیکشن کی تاریخ دینی ہوتی ہے اور 90 دن میں الیکشن کرانے ہوتے ہیں، قوم کو اپنے مستقبل کیلئے فیصلہ کرنا ہو گا، وعدہ ہے جب تک زندہ ہوں قوم کیلئے جدوجہد کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کبھی زندگی میں نہیں سوچا بیرون ملک جا کر رہوں، جیل سے نہیں ڈرنے والا ہوں، انہوں نے سازش کے ذریعے مجھے باہر نکالا تو لاکھوں لوگ میرے لیے سڑکوں پر نکلے، کسی بھی وزیر اعظم کو ایسی عزت نہیں ملی تھی۔
مزیدخبریں