بلاول بھٹو کے بیان پر خواجہ آصف کا جواب، بڑا دعویٰ کردیا

02:11 PM, 25 Jan, 2024

(ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ پچھلے 8،10 سے الیکشن کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے صورتحال مزید واضح ہوتی جارہی ہے جو ابہام تھا وہ ختم ہوتا جارہا ہے اور 2،4 دنوں میں کلیئر ہوجائے گا کہ کونسی پارٹی برتری حاصل کررہی۔

تفصیلات کےمطابق نجی نیوز چینل کے پروگرام کے میزبان صحافی شاہ زیب خانزادہ نے سوال کیا کیا کلئیرٹی آپ کے حق میں آرہی ہے یا خلاف؟ اس پر خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارے حق میں ہے اس کی کئی وجوہات ہیں،خیال کیا جارہا تھا کہ عوام کا سیلاب پی ٹی آئی کےساتھ ہے مگر ایسا بالکل نہیں ہے اور اگر تھا بھی تو سیلاب کا پانی اتررہا ہے۔

صحافی شاہ زیب خانزادہ نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو تو کہہ رہے ہیں کہ مقابلہ تیر اور شیر کے درمیان ہے اس لئے کسی اور کو ووٹ دے کرضائع نہ کریں، آزاد امیدوار کے ساتھ ملکر حکومت بنائیں گے اور ن لیگ اپوزیشن میں جائے گی؟

خواجہ آصف نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ صورتحال واضح ہوگی کہ آزاد امیدوار کہاں سے زیادہ جیتتے ہیں،آزاد امید وار اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے وہ دیکھیں گے کہ ایسی پارٹی کو جوائین کریں جس کا ٹکٹ لے کروہ کل بھی الیکشن لڑسکیں اور آزاد نہ لڑنا پڑے۔ 

خواجہ آصف نے  کہا کہ سندھ میں ہماری پارٹی کے حالات اچھے نہیں ہیں کیونکہ نواز شریف فیئرپلے کی فضا رکھنا چاہتے تھے اس وجہ سے ہم سندھ نہیں گئے، نہیں تو آج سندھ میں ہماری سیٹوں کی تعداد کافی ہوتی۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ سیالکوٹ میں5 قومی اسمبلی کی سیٹیں ہیں اگر یہاں پیپلزپارٹی کے امیدوار ہیں تو ہوسکتا ہے وہ ہمیں ہی ووٹ دے رہے ہوں۔

مزیدخبریں