آزاد جموں و کشمیر انتخابات ، پولنگ کا آغاز
04:20 AM, 25 Jul, 2021
مظفر آباد ( پبلک نیوز )آزاد جموں و کشمیر کی 45نشستوں پر انتخابات آج ہو رہے ہیں، پولنگ کا آغاز صبح آٹھ بجے ہو چکا ہے، 45 حلقوں پر تمام بڑی جماعتوں میں کانٹے کے مقابلے کا امکان تفصیلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں 45 نشستوں میں سے 33انتخابی حلقے آزاد کشمیر حلقوں میں 587 جبکہ مہاجرین کے 12 انتخابی حلقوں میں 121 امیدوار آج الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، تمام حلقوں میں پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا ، جو شام پانچ بجے تک کسی بھی وقفے کے بغیر جاری رہے گی۔ آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) ، پاکستان تحریک انصاف ، پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک لبیک پاکستان کے 33,33 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، مسلم کانفرنس کے 32 امیدوار ، جماعت اسلامی کے 28 جبکہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے 17امیدوار الیکشن میں شریک ہیں۔ آزاد کشمیر الیکشن میں 32 لاکھ ، 20 ہزار 793 رجسٹرڈ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، ان میں مرد ووٹرز کی تعداد 17 لاکھ ، 52 ہزار 788 ہے جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ 68 ہزار 5 ہے، امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے 40 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار اپنی فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔