مسلم لیگ(ن) نے آزاد کشمیر میں دھاندلی کا الزام لگا دیا
08:33 AM, 25 Jul, 2021
اسلام آباد ( ویب ڈیسک )مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈسکہ میں الیکشن کمیشن کا عملہ اغوا کر کے اور آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کا عملہ باہر نکال کے ووٹ چوری کئے جا رہے ہیں ، مختلف پولنگ سٹیشنز پر مسلم لیگ (ن) کے پولنگ ایجنٹس کو داخل ہونے سے روکنا ڈسکہ الیکشن کا ایکشن ری پلے ہے ، حکومتی دباو کے ذریعے پولیس کو مسلم لیگ (ن) کے پولنگ ایجنٹس اور پارٹی رہنماوں کو ہراساں کیاجارہا ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ کئی پولنگ سٹیشنز پر پولنگ ایجنٹس کی غیرموجودگی میں بیگز کو کھولا گیا، بیلٹ بُکس کے حوالے سے بھی شکایات موصول ہوئی ہیں ،فائرنگ کے واقعات کی اطلاعات تشویشناک ہیں، حکومت آزادجموں وکشمیر میں ڈسکہ والے رویے سے باز آئے ،عمران صاحب آزادجموں وکشمیر میں مودی والا رویہ اختیار نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور عمران صاحب کو اپنی شکست واضح نظر آرہے، عمران صاحب 2018 والے ہتھکنڈے اختیار کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو ان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، عمران صاحب دھاندلی کے ذریعے آپ اپنی شکست کو فتح میں نہیں بدل سکتے ، کارکنان اور عوام ہر حکومتی دھاندلی کی وڈیو اور تصاویر بنا کر عوام کے سامنے لائیں۔