مون سون کی بارشوں سے لاہور پانی ، پانی ہوگیا،حکمرانوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے
06:09 PM, 25 Jul, 2023
لاہور: مون سون کی بارشوں سے لاہور پانی، پانی ہو گیا،نشیبی علاقوں کے ساتھ پوش ایریاز بھی زیرآب آگئے ۔ ضلعی انتظامیہ نے دعوی کیا تھا کہ بارشوں کا پانی نکالنے کے لئے واسا کے 110 جبکہ ایم سی ایل کے 106 ڈی واٹرنگ سیٹ مکمل فعال ہوں گے ، دوسری طرف جب بارش ہوئی تو لاہور تقریبا تمام انڈر پاسزمیں دو سے تین فٹ پانی کھڑا ہو گیا جبکہ پیکو اور مسلم ٹائون انڈر پاس کینال روڈ پر گہرے گڑھے پڑ گئے۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے پبلک نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کا سیوریج سسٹم 50 سال پرانا ہے جو اپنی مدت پوری کر چکا ہے، انتہائی بوسیدہ سیوریج سسٹم سے نکاسی آب کا کام لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند روز کے دوران ایک ہزار ملی میٹر سے زائد بارشیں ہوئیں جو گزشتہ برسوں سے زیادہ ہیں جبکہ گزشتہ ہفتے 291 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس سے متعدد علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا لیکن واسا کی ٹیموں نے بروقت ایکشن کر کے تین سے چار گھنٹوں کے دوران پانی سڑکوں سے نکال دیا۔ ان کا کہنا تھاکہ سڑکوں سے پانی نکالنا مشکل ترین مرحلہ ہوتا ہے۔ واسا کی ایک ہزار کلو میٹر لمبی پائپ لائنز ہیں۔ ایم ڈی واسا کا کہنا تھا کہ 198 ڈسپوزل پمپس بارشی پانی نکالنے کے لیے متحرک ہوتے ہیں۔ نشیبی علاقوں میں ہانی کھڑا ہوتا ہے کیونکہ سیوریج سسٹم 50 سال پرانا ہے، اس دوران آبادی بڑھ گئی اور آبادی بڑھنے سے سیوریج سسٹم پر بوجھ بڑھ گیا ہے۔ غفران احمد کا کہنا تھا کہ لاہور کی سیوریج پائپ لائنز کو مرحلہ وار تبدیل کر رہے ہیں۔ سسٹم آپ گریڈیشن کے لئے اربوں روپے کا بجٹ درکار ہے۔ لاہور کے منظور شدہ ماسٹر پلان کے مطابق سیوریج سسٹم کو آپ گریڈ ہونا چاہیئے۔ اندرون شہر لاہور کے سیوریج سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے لئے50ارب روپے چاہیئے۔ گلبرگ میں سیوریج سسٹم لائنوں کے لئے 30 ارب روپے کی ضرورت ہے ۔ غفران احمد نے کہا کہ شاہدرہ کے سیوریج سسٹم کے لئے 30 ارب روپے چاہیئں۔ جنوبی لاہور میں ٹھوکر تک کے لئے 7 ارب روپے کی ضرورت ہے۔ ایم ڈی واسا نے کہا کہ واسا نے تمام علاقوں کے پلان بنا رکھے ہیں۔ بجٹ دستیاب ہونے پر عمل درآمد ہونا شروع ہو جائے گا۔ ماہرین کے مطابق لاہور کے سیوریج سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے لئے کم و بیش ایک سو ارب روپے سے زائد رقم کی ضرورت ہے۔ دوسری طرف مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ یکم اگست تک جاری رہے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نالوں کی صفائی کے لئے 70 کروڑ روپے کا بجٹ رکھا گیا جو افسران نے خرد برد کر لیا اور اسے نالوں کی صفائی پر استعمال نہیں کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر نالوں کی صفائی بروقت اور ٹھیک انداز میں کرلی جائے تو یہی سیوریج سسٹم برساتی پانی کو نکالنے میں کافی مدد دے سکتا ہے۔ محمد سدھیر چودھری ہیڈ آف اکنامک افئیرز، پاکستان Muhammad Sudhir Chaudhry Head Of Economic Affairs, Pakistan