پاکستان میں تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ یکساں سلوک پر زور دیتے ہیں، امریکا

09:48 AM, 25 Jul, 2024

ویب ڈیسک: امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کےاندرونی سیاسی معاملات پر کوئی پوزیشن نہیں لیتا تمام سیاسی جماعتوں کےساتھ برابری کی بنیاد پررویہ اپنانا چاہیے۔

ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ احترام جمہوریت،انسانی حقوق،سیاسی جماعتوں کےساتھ یکساں سلوک پر زور دیتے ہیں۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت مضبوط کرنے اور دہشت گردی سے مقابلے کیلئے کانگریس سے 101 ملین ڈالر بجٹ کی درخواست کی۔ ایسے پروگرام اس مالی سال اور پچھلے برسوں میں ہوتے رہے ہیں۔

فنڈ انسداد دہشت گردی اورجمہوریت کی مضبوطی کیلئے استعمال ہوگا۔امداد سے معاشی اصلاحات اور قرضوں کے انتظام میں مدد مل سکے گی۔

میتھیوملر کا مزید کہنا تھا کہ مذہبی آزادی ایک ایسا معاملہ ہے جسے ہم سنجیدگی سے لیتے ہیں۔ ہم ہر سال اپنی سالانہ رپورٹ مذہبی آزادی سے متعلق جاری کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دفاتر پر چھاپوں اور رہنماؤں کی گرفتاری پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا تھا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا۔ صدر پی ٹی آئی لاہور اصغر گجر اور سیکرٹری جنرل تحریک انصاف لاہور حافظ زیشان رشید اور رہنما یاسر گیلانی کے گھر پولیس نے چھاپہ مار کر رہنماؤں کو گرفتار کرلیا جبکہ پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر کو بھی سیل کردیا گیا۔

مزیدخبریں