وزیر قانون نے عمران خان کے بیان کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا
05:15 PM, 25 Jun, 2022
اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی بحران میں دھکیلنے میں عمران خان اور ان کے ساتھ گٹھ جوڑ کرنے والی نیب بھی ذمہ دار ہے۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ نے عمران خان کے بیان کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ملک کو معاشی بحران میں دھکیلنے میں عمران خان اور ان کے ساتھ گٹھ جوڑ کرنے والی نیب بھی ذمہ دار ہے۔نیب میں جو ترامیم ہیں وہ عمران خان صاحب کا اپنا قانون تھا اور 80 فیصد ترامیم ان کی لائی ہوئی ہیں، موجودہ حکومت نے ان ترامیم کو پارلیمنٹ میں لے جاکر ایکٹ یعنی قانون کی شکل دی ہے۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ تمام ترامیم آئین اور قانون کے عین مطابق ہیں، عمران خان عدالت سے رجوع کرچکے، سیاسی بیان بازی کے بجائے فیصلہ عدالت پر چھوڑیں۔ ہم ان ترامیم کا عدالت میں پورا دفاع کریں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کئی کئی سال سے یہ عدالتی فیصلے تھے جن کی روشنی میں یہ ترامیم کی گئیں، سپریم کورٹ کے بینچ نے لکھا کہ نیب سیاسی انتقام کے لئے استعمال ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کا دفتر اختیارات کا مرکز اور فرد واحد بن کر پورے ادارے کو یرغمال بنائے ہوئے تھا،چیئرمین نیب کے صوابدیدی اختیارات کو آئین قانون اور شریعت کے دائرے میں لایا گیا ہے۔