قومی اسمبلی نے وفاقی بجٹ 24-2023 کی منظوری دیدی

02:15 PM, 25 Jun, 2023

احمد علی
اسلام آباد: آئندہ مالی سال 24-2023 کا وفاقی بجٹ قومی اسمبلی سے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا ہے ، فنانس بل کی شق وار منظوری لی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت جاری ہے جس میں فنانس بل 2023 کی شق وار منظوری دی گئی ہے۔ وزیر خزانہ نے پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی آرڈیننس میں ترمیم پیش کی جسے قومی اسمبلی نے کثرت رائے سے منظور کر لیا ہے۔ ترمیم میں پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی حد 50 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 60 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے ، وفاقی حکومت کو 60 روپے فی لیٹر تک لیوی عائد کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔ اپوزیشن رکن مولانا عبد الاکبر چترالی کی ترمیم بھی منظور کر لی گئی ہے جب کہ حکومت نے اپوزیشن رکن کی ترمیم کی مخالفت بھی نہیں کی، ترمیم کے تحت چیئرمین قائمہ کمیٹی کو 1200 سی سی گاڑی استعمال کرنے کا اختیار بھی ہوگا۔ اس سے پہلے 1300 سی سی سے 1600 سی سی گاڑی استعمال کرنے کی اجازت تھی۔ قبل ازیں مولانا عبد الاکبر چترالی نے فنانس بل اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوانے کی تحریک پیش کی جس کی وزیر خزانہ نے مخالفت کی اور ایوان کی جانب سے اس تحریک کو مسترد کر دیا گیا۔ جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے فنانس بل اسلامی نظریاتی کونسل کو اسلامی پیمانے پر جانچنے کیلئے بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مزیدخبریں