نااہلی کی زیادہ سے زیادہ سزا 5 سال کرنے کا بل اتفاق رائے سے منظور

04:49 PM, 25 Jun, 2023

احمد علی
اسلام آباد: قومی اسمبلی نے نااہلی کی زیادہ سے زیادہ سزا 5 سال کرنے کا بل اتفاق رائے سے منظور کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2023 متفقہ طور پر منظور کر لیا،بل کے تحت الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار دے دیا گیا۔ خیال رہے کہ الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2023 سینیٹ سے پہلے ہی منظور کیا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ قومی اسمبلی نے نااہلی کی زیادہ سے زیادہ سزا 5 سال کرنے کا بل اتفاق رائے سے منظور کر لیا ہے۔ بل کی منظوری سے نوازشریف اور جہانگیر ترین سمیت دیگر کے لیے اہلیت کی راہ ہموار ہو گئی۔ اس سے قبل آئندہ مالی سال 24-2023 کا وفاقی بجٹ قومی اسمبلی سے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا تھا۔ فنانس بل کی شق وار منظوری لی گئی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی آرڈیننس میں ترمیم پیش کی جسے قومی اسمبلی نے کثرت رائے سے منظور کیا۔ ترمیم میں پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی حد 50 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 60 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے ، وفاقی حکومت کو 60 روپے فی لیٹر تک لیوی عائد کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔
مزیدخبریں