قطر ائیر لائن کا طویل ترین سفر کا نیا ریکارڈ

02:17 PM, 25 Jun, 2024

ویب ڈیسک :قطر ایئر لائن نے دوحہ سے نیوزی لینڈ کے سب سے بڑے شہر آکلینڈ تک 14ہزار535 کلومیٹر یعنی 9,031 میل کا فاصلہ طے کیا۔ اس سے قبل دبئی سے آکلینڈ تک پرواز کا ریکارڈ ایمریٹس کے پاس تھا، پچھلے سال مارچ میں طے کیے جانے والے اس راستے میں کل 16 گھنٹے 5 منٹ لگے تھے، اور 8,824 میل کا فاصلہ طے کیا گیا تھا۔

ریکارڈ توڑ پرواز میں کل ساڑھے 17 گھنٹے لگے اور اس میں ایئر لائن کے گروپ چیف ایگزیکٹو اکبر البکر بھی موجود تھے۔ قطر کی سرکاری فضائی کمپنی قطر ایئرویز کے مطابق اتوار کے روز نیوزی لینڈ روانہ ہونے والی پرواز اڑان کے دورانیے کے اعتبار سے کسی بھی تجارتی فضائی کمپنی کی طویل ترین پرواز ہے۔

کمپنی کی ترجمان نے بتایا کہ قطر ایئرویز کی پرواز QR920 دوحہ کے حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے لیے روانہ ہوئی۔ فضائی کمپنیوں کے امور سے متعلق ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق اس براہ راست پرواز کا دورانیہ 16 گھنٹے 2 منٹ ہے جبکہ اسی روٹ پر واپسی کی پرواز کا دورانیہ 17 گھنٹے 30 منٹ ہوگا۔

قطر ایئرویز کا کہنا ہے کہ وہ نیوزی لینڈ کے لیے 14ہزار535 کلو میٹر فاصلے کی پرواز کے لیے بوئنگ 777 طیارہ استعمال کر رہی ہے۔

شمالی جزیرے پر آکلینڈ میں اترنے کے بعد قطر ایئر ویز کے بوئنگ 777 طیارے کو آکلینڈ ایئرپورٹ کے چیف ایگزیکٹو ایڈرین لٹل ووڈ، اور نیوزی لینڈ کے وزیر تجارت اور ریاستی ملکیت والے کاروباری اداروں، ٹوڈ میک کلے نے خوش آمدید کہا۔

ایڈرین لٹل ووڈ نے کہا کہ ہم قطر ایئرویز کو آکلینڈ ایئرپورٹ اور نیوزی لینڈ پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ یہ راستہ نیوزی لینڈ کے زائرین اور نیوزی لینڈ کے لوگوں کے لیے خاص طور پر اس ملک اور یورپ کے درمیان سفر کرنے والوں میں بہت مقبول ہوگا۔

مزیدخبریں