حویلی کہوٹہ: دو روزہ سپرنگ ٹورازم فیسٹول کا افتتاح کر دیاگیا 

03:34 PM, 25 Jun, 2024

 ویب ڈیسک: حویلی کہوٹہ میں دو روزہ سپرنگ ٹورازم فیسٹول کا افتتاح کر دیاگیا ہے۔ جس میں ہزاروں افراد شرکت کر رہے ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق ٹورزم فیسٹیول کا افتتاح راجہ فیصل ممتاز راٹھور  وزیر حکومت آزاد جموں و کشمیر نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں وزرائے حکومت، سول انتظامیہ، سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان کے علاوہ سیاحوں اور مقامی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ہزاروں افراد کے مجمع نے بیک زبان پاکستان اور آزاد کشمیر کے ترانے پڑھ کر فضا کو مسحور کر دیا۔ بعد ازاں آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا اور مقامی گلوکاروں نے محفل کو چار چاند لگا دیے۔

مہمان خصوصی نے کہا کہ حویلی کہوٹہ میں عظیم الشان ٹورزم فیسٹیول کا انعقاد بہت بڑی کامیابی ہے جس پر سول انتظامیہ اور مقامی عمائدین مبارکباد کے مستحق ہیں۔ یہ سر زمین محبتوں اور امن کی دھرتی ہے، ہم سیاحت کے ذریعے پوری دنیا میں آزاد کشمیر کا مثبت چہرہ عیاں کریں گے۔ اس طرح کے ٹورزم فیسٹیول کروانے سے جہاں سیاحت کو فروغ ملے گا وہیں مقامی لوگوں کو روزگار کے بہتر مواقع بھی مہیا ہوں گے۔

حکومت آزاد کشمیر ریاست بھر میں سیاحت کے فروغ کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔ پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے تحت ریاست بھر میں گیسٹ ہاؤسز قائم کیے جا رہے ہیں۔ آزاد کشمیر کے طول و عرض میں ٹورزم فیسٹیولز میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کی شرکت سے کنٹرول لائن کے اُس پار بھی مثبت پیغام جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب ہم ڈھل جھیل سرینگر میں ٹورازم فیسٹول کا انعقاد کروائیں گے۔ 

رنگا رنگ فیسٹیول کی تقریبات مزید ایک روز تک جاری رہیں گی۔

مزیدخبریں