صوبائی کابینہ کا 10واں اجلاس؛ عوام کو ریلیف دینے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کے بڑے فیصلے

07:34 PM, 25 Jun, 2024

(ویب ڈیسک)وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے کہا سیاسی نہیں عوامی مفادات کو مد نظر رکھ کر فیصلے کرتی ہوں، چیف منسٹر انٹرنشپ پروگرام کو تمام ڈپارٹمنٹس سے لنک کریں،جب آپ عوامی اور ملکی مفاد کو سامنے رکھ کر فیصلے کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ اس میں برکت ڈالتا ہے۔

تفصیلات کےمطابق وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 10واں اجلاس ہوا ، چار گھنٹے طویل اجلاس میں 56 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا،اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی کابینہ نے منظوری دے دی جو کہ 14 اگست کو لانچ کیا جائے گا،دور دراز علاقوں میں ڈاکٹروں کی عارضی بنیادوں پر فوری تقرری کی منظوری، ڈاکٹرز کے لئے الاؤنس بڑھانے،وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کی منظوری، پنجاب سکھ آنند کراج میرج رجسٹرار رولز 2024اور پنجاب سکھ آنند کراج میرج رولز 2024کی منظوری دی گئی۔

ڈاکٹرز کو نائٹ ڈیوٹی پر 7ہزار، ساڑھے 7ہزار اور 8ہزار تک نائٹ الاؤنس ملے گا، دور دراز علاقو ں میں تعینات ڈاکٹرز کے لئے روزانہ ایک ہزار روپے پٹرول الاؤنس دینے پر اتفاق ہوا، ٹی بی ہسپتال سرگودھا، جوبلی فی میل ہسپتال بہاولپور اور مزنگ ہسپتال لاہور کا انتظام منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
داتا دربار آئی ہسپتال کا انتظام دوبارہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کے سپرد کیا جائے گا،8 ممالک کے اوورسیز پاکستانیوں کوجائیداد کی منتقلی اور دیگر ریونیو سروسز کے لئے رجسٹریشن ایکٹ 1908 میں ترامیم کی منظوری دی گئی، چنگ چی او ررکشے کو بتدریج متبادل ماحول دوست ٹرانسپورٹ پر منتقل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
سموگ کے خاتمے کے لئے موٹرسائیکل کے لئے فٹنس سرٹیفکیٹ کے حصول پر اتفاق ہوا، وزیراعلی مریم نوازشریف نے موٹر سائیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی ہدایت کی،  یتیم طلبہ کو الیکٹرک بائیک دینے کے لئے طریقہ کار کی منظوری بھی دی گئی،ریٹائرمنٹ کے بعد ملازمین کے سرکاری گھر کی الاٹمنٹ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا،وزیراعلی اور کابینہ نے الاٹمنٹ میں توسیع کے اختیارات سرنڈر کردئیے ۔

پنجاب میں تمام محکموں کے لائبریرین (BS-16) کو ماسٹر ڈگری حاصل کرنے پر (BS-17) دینے کی منظوری، جلالپور ایریگیشن پراجیکٹ میں ریلوے کراسنگز کی تعمیر کے لیے پاکستان ریلوے کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری  دی گئی،گوشت اور دودھ کی پیداوار بڑھانے کیلئے ایگزوٹک ایمبریو کی درآمد اور ایمبریو کی مقامی پیداوار کوبریڈنگ سروسز میں شامل کرنے کی منظوری ،پنجاب اینیمل ہیلتھ (آئیڈنٹی فیکیشن اینڈ ٹریس ایبلٹی) ریگولیشنز 2024کی منظوری بھی دی گئی۔
 یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز، لاہور اور یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز، بہاولپور کے لئے وائس چانسلرز سرچ کمیٹی ،بہاولپور کے صادق گڑھ محل کو ''محفوظ قدیم عمارت'' قرار دینے،ای پروکیور منٹ اور دیگر امور کے لئے پنجاب پروکیورمنٹ رولز میں 5ترامیم ، پنجاب ڈرگزرولز 2007 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔
 لائسنس کے اجراء سے پہلے فارمیسی کی انسپیکشن کا اختیار حکومت کو دوبارہ حاصل ہو گا، پیڈمک او رفیڈمک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور دیگر کی نمائندگی کی منظوری ، اربن یونٹ، فیڈمک، پیڈمک، ٹیوٹا کے آڈٹ پر اتفاق ہوا۔

مریم نواز نے کہا بورڈز کی تشکیل نو کا فیصلہ، کسی کی سفارش قبول نہ کی جائے،سیاسی نہیں عوامی مفادات کو مد نظر رکھ کر فیصلے کرتی ہوں ،تمام وزراء اپنے محکموں میں طلباء کی انٹرن شپ پروگرام تیار کریں،چیف منسٹر انٹرنشپ پروگرام کو تمام ڈپارٹمنٹس سے لنک کریں،جب آپ عوامی اور ملکی مفاد کو سامنے رکھ کر فیصلے کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ اس میں برکت ڈالتا ہے۔

گارمنٹ سٹی پراجیکٹ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری بھی دی گئی ، موبائل ایپ ٹیکسی سروسز کمپنیوں اور نجی گاڑیوں کو ریگولیٹ کرنے کے لیے صوبائی موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 میں ترمیم کی منظوری ،ٹرانسپورٹیشن نیٹ ورک کمپنی کی ریگولیشن، مسافر کی سیفٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔
 راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (RUDA) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی سروس کنٹریکٹ میں ایک سال کی توسیع کی منظوری ، صاف پانی اتھارٹی ایکٹ 2024 کی منظوری، تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کی ذمہ داری ایک ہی اتھارٹی دیکھے گی،نویں سے 12ویں جماعت کے لیے پاکستان کے قومی نصاب 2023 (فیز-III) اور پہلی سے 12ویں جماعت کے لئے دینی تعلیم کے جدید/نظرثانی شدہ نصاب کو اپنانے کی منظوری،ڈسٹرکٹ شوگر کین (ڈویلپمنٹ)سیس کمیٹیوں 2022-23 کی تشکیل کی منظوری ، پاسکو کو درآمد شدہ گندم کی واجب الادا رقم کی ایڈجسٹمنٹ ادائیگی کی منظوری ، قائد اعظم پولیس میڈلز اور صدر پولیس میڈلز کے لیے 39 افسران کی سفارشات وفاقی حکومت کو بھیجنے کی منظوری بھی دی گئی۔

مزیدخبریں