سینیئر صحافی صابر شاکر،شاہین صہبائی، معید حسن پیرزادہ کی جائیداد ضبط ، شناختی کارڈ بلاک

09:50 PM, 25 Jun, 2024

(ویب ڈیسک)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اشتعال انگیزی اور تشدد پر اکسانے کے مقدمے میں اشتہاری ہونے پر سینیئر صحافی شاہین صہبائی، صابر شاکر، یوٹیوبر عادل فاروق راجہ، معید حسن پیرزادہ، سید حیدر رضا مہدی اور وجاہت سعید خان کی جائیداد ضبط اور شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔

 تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی اسلام آباد کی عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو مذکورہ اشتہاری ملزمان کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد قرق کرنے، چیئرمین نادرا کو ملزمان کے شناختی کارڈ اور نائیکوپ جبکہ ایف آئی اے کے ڈی جی کو ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے احکامات پر عملدرآمد کی رپورٹ 15 دن میں طلب کرلی ہے جبکہ ملزمان کے خلاف استغاثہ کے گواہان کے بیانات بھی قلمبند کرلیے گئے ہیں۔

انسداد دہشتگردی کی عدالت نے 10 جولائی تک تمام متعلقہ محکموں کو عملدرآمد رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔ جج طاہر عباس سپرا نے تحریری احکامات بھی جاری کردیے ہیں۔

واضح رہے کہ شاہین صہبائی، صابر شاکر، معید پیرزادہ، عادل راجہ، حیدر مہدی اور وجاہت ایس خان کے خلاف اشتعال انگیزی اور لوگوں کو تشدد پر اکسانے کے مقدمات درج ہیں۔

مزیدخبریں