لاہور (پبلک نیوز) پنجاب کابینہ نے چیئرمین راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی راشد عزیز کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 42واں اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے لیے ٹرمز اینڈ کنڈیشنز پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا گیا۔ طے پایا کہ چیئرمین کو اب تنخواہ نہیں ملے گی بلکہ صرف گاڑی اور پی او ایل ملے گا۔
کابینہ نے چیئرمین راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی راشد عزیز کا استعفیٰ منظور کر لیا۔ دوسری جانب لاہور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ کے چیئرمین اور سرکاری ممبران کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی۔ سابق بیوروکریٹ عرفان الہٰی اتھارٹی کے چیئرمین ہوں گے۔
سرکاری ممبران میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیاتی، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری ہاؤسنگ شامل ہوں گے۔ علاوہ ازیں لاہور رنگ روڈ اتھارٹی ایکٹ 2011ء میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ لاہوررنگ روڈ اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب بھر تک بڑھایا جائے گا۔