عمران خان اےٹی سی میں پیش،3مقدمات میں ضمانت منظور
02:20 PM, 25 Mar, 2023
لاہور: انسداد دہشتگردی کی عدالت نے تین مقدمات میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کر لی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان تین مقدمات میں ضمانت کے لیے انسداد دہشتگردی کی عدالت پہنچے ۔ پاکستان تحریک انصاف چیئرمین کے خلاف تھانہ ریس کورس میں 3 مقدمات درج ہیں جن میں سے پی ٹی آئی کارکن ظل شاہ کی موت، جلاؤ گھیراؤ اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمات ہیں جس میں انسداد دہشتگردی اور اعانت جرم کی دفعات ہیں ۔ عمران خان کی ان مقدمات میں ہائیکورٹ نے حفاظتی ضمانت منظور کی تھی اور انہیں متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کے لیے بھی کہا گیا تھا ۔ عمران خان عبوری ضمانت کیلئے لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت پہنچے جہاں پر ان کی جانب سے دائر درخواست میں بتایا گیا ہے کہ شامل تفتیش ہونا چاہتا ہوں لیکن پولیس کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے، عدالت تینوں مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کر کے پولیس کو گرفتاری سے روکے ۔ بعدازاں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی تینوں مقدمات میں 4 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرلی ہے ۔ اس سے قبل عمران خان نے انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے پورے ملک کو کنٹینرز لگا کر مقبوضہ کشمیر بنایا ہوا ہے ، قوم تمام رکاوٹیں توڑ کر جلسے میں پہنچے گی، جلسے میں آج میں آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان بھی کروں گا، حکومت نے جلسہ ناکام بنانے کے لئے ہمارے 1600 کارکنان پکڑ لئے ہیں ، ملک کی حالت یہ ہے کہ لوگ آٹا خریدنے کیلئے لائنوں میں لگے ہوئے ہیں ۔ عمران خان نے مزید کہا کہ جتنا حکمران لوگ ظلم کر رہے ہیں اتنا لوگ باہر نکلیں گے، عوام بھوک سے مر رہے ہیں، حکومت کو پرواہ ہی نہیں ہے ۔