پبلک نیوز ہیڈلائنز، دوپہر 12 بجے،25 مئی ، 2021
08:48 AM, 25 May, 2021
نوجوانوں کا سب سے بڑا مسئلہ روزگار ہے، وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں روزگار پرائیویٹ سیکٹر میں ملتا ہے یا لوگ اپنے کاروبار شروع کرتے ہیں، ایک لاکھ 70 ہزار سکالرشپس ہنر سکھانے کےلیے دے رہے ہیں، 50 ہزار اسکالرشپس ہائیر ٹیکنالوجیز کےلیے دیں گے، نوجوانوں کو قرض دینے کے لیے 100 ارب روپے رکھے ہیں، آئیڈیاز رکھنے والے نوجوانوں کو میرٹ پر قرض دیا جائے گا۔شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت کےخلاف حکومتی اپیل سماعت کےلیے منظور کرلی گئی، جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ شہباز شریف نے ہائیکورٹ سے درخواست واپس لےلی ہے، درخواست واپس ہونے پر وفاق کی اپیل کیسے سنی جاسکتی ہے؟ اٹارنی جنرل نے کہا درخواست میں بیرون ملک جانے کی اجازت کا فیصلہ واپس نہیں لیا گیا، شہباز شریف کو نوٹس جاری، سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ سے کیس کا تمام ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کی نیب ریفرنس میں سزاکے خلاف اپیلوں پر سماعت آج ہوگی، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ سماعت کرے گا، نواز شریف نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹ اور العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے، نیب نے اپیلوں کو چیلنج کررکھا ہے۔شریف فیملی ایسے تاثر دیتی ہے جیسے انھیں کسی مقدمے میں سزا ہوئی ہی نہیں، فواد چودھری کہتے ہیں ان مقدمات میں سیدھی بات یہ ہے کہ آپ نے لندن میں اربوں روپے کی جائیدادیں بنائیں، آپ کے ظاہر اثاثے اس قسم کی جائیداد خریدنے کے متحمل نہیں تھے تو آپ نے کیسے یہ جائیداد خریدی؟ ایک مقدمے میں عدالت نوازشریف کو 11 گیارہ اور مریم نواز کو 8 سال قید کی سزا سناچکی ہے۔دھوکے کو یوٹرن کا نام دے کر فخر کرنا عمران خان کے مزاج کا حصہ بن چکا ہے، بلاول بھٹو کہتے ہیں پیپلز پارٹی نےغربت میں کمی کے لئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، عمران خان بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام کچھ بھی رکھ دیں عوام سب جانتے ہیں، عوام کے دلوں سے بے نظیر بھٹو کا نام نہیں مٹاسکتے، عمران خان بتائیں انہوں نےغربت میں کمی کے لئے اب تک کیا کیا؟