پھلوں کا بادشاہ ’آم‘ اور پاکستان

05:00 PM, 25 May, 2021

احمد علی
میرپور خاص (پبلک نیوز) میٹھے اور رسیلے آموں کا ذکر ہو تو سندھ کے شہر میرپور خاص کا نام ذہن میں آتا ہے، اس شہر میں آموں کی 200سے زائد اقسام کاشت کی جاتی ہیں۔ پاکستان آم کی پیداوار میں چھٹا بڑا ملک ہے، دنیا بھر میں آم کی 1600اقسام جبکہ پاکستان میں 500کے قریب اقسام کاشت کی جاتی ہے۔ان میں سے 25اقسام کو تجارت کے مقاصد کے لئے اگایا جاتا ہے۔سندھ کے شہر میر پور خاص دیگر اجناس کے علاوہ رسیلے آموں کے حوالے سے اپنی الگ شناخت رکھتا ہے، یہاں پر آموں کی 200سے زائد اقسا م کاشت کی جاتی ہیں، لنگڑا، چونسہ، بیگن پالی، سنہرا اور گلاب خاص مشہور ہیں۔ اس شہر کے تحفہ خاص سندھڑی کی بات کریں تو یہ اپنی خوبصورتی، جسامت اور ذائقہ میں اپنی مثال آپ ہے۔رواں ماہ کے آخر میں میٹھے اور پکے ہوئے آموں کی پیداوار کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ یہاں کا آم پیکنگ کے بعد امریکا، جاپان، اردن، کوریا، یورپ کے کئی ممالک میں برآمد کیا جاتا ہے۔ذائقے، اعلیٰ معیار اور غذایت کے اعتبارسے دنیا بھر میں پاکستانی آم الگ پہچان رکھتے ہیں،کرونا وبا کی وجہ سے پھلوں کے بادشاہ آم کی فصل بھی قدرے متاثر ہوئی، تاہم کاشتکار اب بھی اچھی پیداوار کے لیے پرامید ہیں۔
مزیدخبریں