افسوس ہے! اتنے بڑے انتظامات کئے، رانا ثناء اللہ

12:23 PM, 25 May, 2022

احمد علی
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس. رانا ثناء اللہ نے کہاہمیں بھی افسوس ہو رہا ہے کہ ہم نے ان کے جھوٹ پر اتنے بڑے انتظامات کئے، اگر یہی کچھ ہونا تھا تو ہمیں اتنے انتظامات کرنے کی ضرورت نہیں تھی، ہم نے میٹرو بند کی، بچوں کے امتحانات ملتوی کئے، لوگوں کو سفر میں مشکلات پیش آئیں، میں اپنی اور حکومت کی طرف سے ان لوگوں سے معذرت خواہوں جنہیں اس صورتحال میں دقت برداشت کرنا پڑی. وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے کہا ہے کہ وہ اپنا خونی انقلاب ختم کریں اور آئین ،قانون اور امن کا راستہ اپنائیں. رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے لانگ مارچ کے نام پر فتنہ مارچ شروع کرنے کا دعویٰ کیا تھا، پہلے 20 لاکھ لوگوں کے عوامی سیلاب کے اسلام آباد کی طرف بڑھنے کا اعلان کیا، پھر 30 لاکھ تک اعلان ہوا، پنجاب میں آج صبح تین مقامات پر راوی برج کے پاس بتی چوک پر دو سو سے اڑھائی سو افراد پر مشتمل پی ٹی آئی کا قافلہ موجود تھا، وہاں پر لیڈران نے خودساختہ خبریں چلوا دیں کہ انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے. راناثناء اللہ کا کہنا تھا کہ دونوں معزز خواتین جو وہاں سے روانہ ہوئیں، انہیں کسی نے گرفتار نہیں کیا۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں چالیس سے پچاس لوگ ایک آدھ بار سامنے آئے، اس کے بعد واپس چلے گئے، پنجاب کے عوام کا اس فتنہ فساد مارچ کا حصہ نہ بننے پر شکریہ ادا کرتا ہوں،چند سو افراد اس کا حصہ بنے ہیں ان کے لئے دعا گو ہوں کہ اللہ انہیں ہدایت دے، یہ عمرانی فتنے میں گمراہ ہو کر ملک و قوم کے نقصان میں اپنا حصہ نہ ڈالیں. رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ یہ شخص جو قوم اور نوجوان نسل کو گمراہ اور تقسیم کرنا چاہتا ہے، اس کے ایجنڈے کا ہر گز حصہ نہ بنیں، بلوچستان کے عوام مبارکباد کے مستحق ہیں، بلوچستان میں کسی کو معلوم ہی نہیں کہ کوئی فتنہ فساد مارچ ہو رہا ہے، سندھ کی صورتحال بھی پرامن ہے، سندھ کے باسیوں نے اس فتنہ فساد مارچ کا حصہ بننے سے انکار کیا ہے، اس وقت اگر کوئی سرگرمی ہے تو وہ صرف کے پی کے میں ہے، خیبر پختونخوا میں دو جگہوں پر علی امین گنڈا پور اور امجد نیازی ایم این اے آگے بڑھ رہے ہیں، ان کے ساتھ بھی تین سے چار ہزار کے قریب لوگ ہیں، ان کے پاس ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کی مشینری ہے، کرینز ہیں، ٹئیر گنز ہیں، اسلحہ بھی ہے، یہ پوری سرکاری سرپرستی میں پروٹوکول کے ساتھ وفاق پر چڑھائی کرنے کے ارادے سے رواں دواں ہیں، پورے کے پی کے سے پشاور سے ہر جگہ سے لوگوں کو صوابی پہنچنے کا کہا. رانا ثناء اللہ وہاں لوگ دھوپ اور گرمی میں دھکے کھاتے ہوئے پہنچے، خود انقلابی لیڈر ہیلی کاپٹر پر وہاں پہنچے، جب انہوں نے وہاں پر خطاب کیا تو اس وقت دس سے گیارہ ہزار لوگ موجود تھے، جو لوگ وہاں سے چلے ہیں ان کے ساتھ ان کی تعداد پانچ سے چھ ہزار ہے، یہ ہے وہ عوامی سیلاب جس کو وہ لے کر اسلام آباد کی طرف بڑھ رہے ہیں، انہیں کوئی شرم اور احساس شرمندگی ہے تو انہیں وہیں پر اسے کال آف کر دینا چاہئے تھا، بیس لاکھ کا ٹارگٹ تھا اس کا 50 فیصد یا 25 فیصد ہی پورا کر لیتے، عمران خان کی کے پی کے میں حکومت ہے، وہاں ان کے پاس وسائل بھی ہیں، وہاں سے پانچ سے سات ہزار آدمی لے کر چلے اور کہتے ہیں کہ تاریخ کا سب سے بڑا جلوس لے کر اسلام آباد کی طرف بڑھوں گا۔
مزیدخبریں