9مئی واقعے کے ذمہ داران کو قوم نہ معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی، آرمی چیف

06:46 PM, 25 May, 2023

احمد علی
اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہاہے کہ 9مئی واقعے کے ذمہ داران کو قوم نہ معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی۔ تفصیلات کے مطابق یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان کے حوالے سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پولیس لائنزاسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسلام آباد پولیس کے آفیسرز، جوانوں اور پولیس کے شہداء کے لواحقین سے خطاب کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ جو کچھ 9 مئی کو ہوا، وہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم نہ معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی۔ آرمی چیف نے کہا کہ وہ شہداء جنہیں اللہ رب العزت نے شہادت کے مرتبے پر فائز کیا ، اُنکی قربانیوں کو کوئی زائل نہیں کرسکتا۔ پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کی علامت اور سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں جو ملک و قوم کے وقار کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔ جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ شہداء کے وارثین کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں آج کے دن پاکستانی عوام اور پاک فوج تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہیں اور ہمیشہ کھڑی رہیں گی۔
مزیدخبریں