چیف جسٹس نے آڈیو لیکس کمیشن کیخلاف درخواستوں پر لارجر بینچ تشکیل دےدیا

07:44 PM, 25 May, 2023

احمد علی
اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے آڈیو لیکس کمیشن کیخلاف درخواستوں پر لارجر بینچ تشکیل دےدیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ کل آڈیو لیکس کمیشن کیخلاف درخواستیں سنے گا۔بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس شاہد وحید اور جسٹس حسن اظہر رضوی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے آڈیو لیکس کی تحقیقات کےلیے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا تھا۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کو چیلنج کیا گیا ہے۔ عمران خان نے وکیل بابر اعوان کے توسط سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں وزارت قانون و انصاف اور وزارت داخلہ کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ چیف جسٹس کی اجازت کے بغیر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل نہیں ہو سکتی اور اس کےلیے کسی جج کو بھی نامزد نہیں کیا جاسکتا۔ سپریم کورٹ کے کسی جج کیخلاف تحقیقات یا کارروائی کا فورم صرف سپریم جوڈیشل کونسل ہے۔
مزیدخبریں