قومی اسمبلی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل، ن لیگ اور پی ٹی آئی میں معاملات طے

04:47 PM, 25 May, 2024

ویب ڈیسک: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ جہاں ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں معاملات طے پاگئے ہیں۔ تاہم پی ٹی آئی کیلئے چیئرمین پی اے سی اپنا منتخب کروانا اب مشکل ہوگیا ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں اراکین کی شمولیت کے حوالے سے معاملات طے پاگئے ہیں۔ دونوں جماعتوں کے عددی تناسب سے اراکین کمیٹیوں میں شامل ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ ہر کمیٹی میں ن لیگ کے چار اور پیپلز پارٹی کے تین اراکین شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ تاہم حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان بات چیت کا عمل جاری ہے۔ تحریک انصاف نے تاحال قائمہ کمیٹیوں کے لیے ارکان کے نام فراہم نہیں کیے۔

اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، پیپلزپارٹی کے سید نوید قمر اور پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر کے درمیان مشاورت جاری ہے۔ دوسری جانب پبلک اکائونٹس کمیٹی کا چیئرمین کون اور کس جماعت سے ہوگا؟ یہ بھی تاحال اتفاق رائے نہ ہوسکا۔ 

حکومت نے پی ٹی آئی کو دوٹوک جواب دیا ہے کہ پہلے کمیٹیوں کے اراکین فائنل ہوں گے اور چیئرمین کا فیصلہ بعد میں ہوگا۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سمیت تمام قائمہ کمیٹیوں کا چیئرمین بذریعہ انتخاب منتخب ہوگا۔ 

حکومت نے پی ٹی آئی سے قائمہ کمیٹیوں کے لئے ارکان کے نام جلد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جس پر عامر ڈوگر نے آئندہ ہفتے قائمہ کمیٹیوں کے لیے پی ٹی آئی کے نام فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔ 

مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی میں قائمہ کمیٹیوں میں ارکان کی شمولیت کے حوالے سے معاملات طے پاگئے۔ قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین کا معاملہ بجٹ اجلاس کے دوران طے کیا جائے گا۔

سیاسی جماعتوں کے نام فراہم کرنے کے باوجود اسپیکر کو ارکان میں ردوبدل کا اختیار حاصل ہے۔ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان مزید مشاورت آئندہ ہفتے ہوگی۔

مزیدخبریں