پیٹرول پمپ مالکان کے مطالبات ناجائز،تسلیم نہیں کرینگے

07:36 AM, 25 Nov, 2021

Rana Shahzad
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے دوٹوک موقف اختیار کرے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پیٹرول پمپ مالکان کے مطالبات ناجائز ہیں، حکومت انھیں کسی صورت تسلیم نہیں کرے گی۔ ملک بھر میں پیٹرول پمپس کی بندش پر جاری بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ ہڑتال کی آڑ میں کچھ گروپ قیمتوں میں 9 روپے کا اضافہ کروانا چاہتے ہیں۔ ہم صرف چند کمپنیوں کا افراد کو نوازنے کیلئے عوام پر یہ ظلم نہیں کر سکتے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کو پریشان کرنا کسی صورت مناسب نہیں ہے، ہم پیٹرول پمپس ڈیلرز ایسوسی ایشنز کے جائز مطالبات تو تسلیم کر سکتے ہیں لیکن ناجائز مطالبات کو کسی صورت تسلیم نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ مارجن میں اضافے کی سمری پہلے ہی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے روبرو پیش کی جا چکی ہے، امید ہے کہ اس معاملے پر آئندہ اجلاس میں فیصلہ ہو جائے گا لیکن مطالبات صرف جائز ہی تسلیم ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو پیٹرول پمپس مالکان کی مشکلات کا بھی احساس ہے مگر انھیں بھی چاہیے کہ وہ عوام کو پریشان کرنے کی بجائے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں اور ہڑتال کی کال کو واپس لیں۔ خیال رہے کہ آج ملک بھر میں پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مطالبات نہ ماننے کیخلاف ملک بھر میں ہڑتال کرتے ہوئے پیٹرول پمپوں کو بند کر دیا ہے۔ کراچی سے کشمیر تک پی ایس او اور شیل کے سوائے تمام پیٹرول پمپس بند ہیں جس کی وجہ سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مزیدخبریں