وزیراعظم سے کبھی الگ نہیں ہوسکتا: زلفی بخاری

08:51 AM, 25 Nov, 2021

Rana Shahzad
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ وہ عمران خان اور اپنی جماعت تحریک انصاف ہیں، وہ دونوں سے کبھی الگ نہیں ہونگے۔ ایک نیوز ویب سائٹ کو انٹرویو میں زلفی بخاری نے کہا کہ میں ان دنوں پی ٹی آئی اور کو عوام کے ساتھ جوڑنے کیلئے کام کر رہا ہوں، اور سمجھتا ہوں کہ ہماری جماعت کو سیاسی طور پر مضبوط کرنا زیادہ ضروری ہے۔ زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ وزارت نہیں بلکہ عوام کیساتھ رابطہ میری اولین ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ بطور سیاستدانوں آخرکار ہم نے جانا تو عوام کے پاس ہی ہوتا ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ میرا عوام کیساتھ کبھی نہ ٹوٹنے والا تعلق بن جائے، اسی مقصد کیلئے میں بھرپور کوششیں کر رہا ہوں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کا رکن بننے سے بہتر ہے کہ پارٹی کو سیاسی طور مضبوط اور عوام کیساتھ منسلک ہوا جائے۔ میں سمجھتا ہوں کہ تحریک انصاف کو اس چیز کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ ہمیں اپنی جماعت کو عوامی سطح پر مضبوط کیا جا سکتا ہے، کیا جانا چاہیے۔ ایوب آفریدی کو معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز کا عہدہ دینے بارے ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ بالکل درست ہے کیونکہ انہوں نے سینیٹر کی نشست چھوڑ کر بڑی قربانی دی تھی۔ وزیراعظم کے فیصلے پر میں سر تسلیم خم کرتا ہوں، انہوں نے بہترین فیصلہ کیا جسے میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ واضح رہے کہ زلفی بخاری وزیراعظم عمران خان کے انتہائی قریبی دوست ہیں۔ کرپشن الزامات کے باعث انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا جس کے بعد توقع کی جا رہی تھی کہ وہ کسی بھی وقت وزارت میں واپس آ جائیں گے، لیکن ایوب آفریدی کے اس وزارت کا چارج سنبھالنے کے بعد ان کی کابینہ میں واپسی کے امکانات تقریباً ختم ہو گئے ہیں۔
مزیدخبریں