'عمران خان کے جلسے میں دہشتگردی ہوسکتی ہے، جلسہ ملتوی کردیں'

11:49 AM, 25 Nov, 2022

احمد علی
اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے جلسے میں دہشت گردی ہو سکتی ہے ، انہوں مشورہ ہے کہ کل کا جلسہ ملتوی کر دیں۔ وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کی رپورٹ ہے کہ پی ٹی آئی کے جلسے میں دہشت گردی ہو سکتی ہے، اس لیے انہیں مشورہ ہے کہ کل کا جلسہ ملتوی کر دیں، جلسہ گاہ کی سکیورٹی کے لیے ایڈوائزی بھی جاری کی ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان کی مشکلات کا حل، کامیابی اور ترقی کا راز آئین و قانون کی حکمرانی میں ہے، پاک فوج کی طرف سے اپنے آئینی کردار میں رہنے کا اعلان ملک و قوم کے بہترین مفاد میں ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک سیاسی رہنما نے جھوٹی آزادی کے نام پر ایک جھوٹی جدوجہد شروع کی، مسلح افواج کو مختلف انداز سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب کو پنڈی سے الیکشن کی تاریخ نہیں ملے گی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان قبل ازوقت انتخابات چاہتے ہیں تو سیاستدانوں سے ڈائیلاگ کریں، اسٹیبلشمنٹ آپ کو الیکشن کی تاریخ نہیں لے کر دے گی۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ آپ نے پچھلے چند ماہ جو کچھ کہا کوئی آپ کی بلیک میلنگ میں نہیں آیا، اگر عمران خان الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے نواز شریف و شہبازشریف سے ملناچاہیں تو وہ انکار نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان، آپ سیاستدان بنیں اور پی ڈی ایم کی قیادت کے ساتھ بیٹھیں، عمران خان آپ سیاسی مخالف ہیں مگر دشمن نہیں لیکن عمران خان کہتے ہیں کہ سیاسی مخالفین کے ساتھ بیٹھنے کی بجائےمرنے کو ترجیح دوں گا تو یہ رویہ درست نہیں ہے، سیاستدان جب گفتگوکرتے ہیں تو ڈیڈلاک ٹوٹتے ہیں۔ واضح رہے کہ عمران خان نے 26 نومبر کو راولپنڈی میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔پی ٹی آئی کے رہنما جلسے کے انتظامات کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔
مزیدخبریں