'پاک ترکیہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوں گے'
05:21 PM, 25 Nov, 2022
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات ہیں، ترکیہ نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ پاک ترکیہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوں گے۔ وزیراعطم شہباز شریف نے استنبول کے شپ یارڈ میں پی این ایس خیبر کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ میرے لئے دوسرا گھر ہے، یہاں آ کر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ آج کا دن ہمارے تعلقات میں ایک عظیم دن ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات ہیں، ترکیہ نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، ترکیہ نے ہر عالمی فورم پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر رجب طیب ایردوان کی زیرقیادت ترکیہ ایک جدید فلاحی ریاست بن چکا ہے، آج ترکیہ کے دور دراز علاقوں میں بھی تمام تر سہولیات میسر ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم اس تاریخی تقریب میں شرکت کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں، پاکستان اور ترکیہ مشترکہ طور پر اپنی دفاعی صلاحیت کو بڑھا رہے ہیں۔ ہمارا ملک ترقی پذیر ہے، آج دنیا متعدد تنازعات کا سامنا کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک ترکیہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوں گے، دنیا بھر کی طرح پاکستان کو بھی توانائی کی قلت کا سامنا ہے، پاکستان قابل تجدید اور سستے توانائی ذرائع کیلئے اقدامات کر رہا ہے، پاکستان اور ترکیہ کو قابل تجدید توانائی کے حصول کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔ وزیر اعظم نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان اور ترکی ماحولیاتی آلودگی میں کمی کیلئے بھی مل کر کام کر سکتے ہیں، پاکستان اور ترکیہ کو تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینا ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو حالیہ دنوں میں تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، ترکیہ نے سیلاب متاثرین کی بڑھ چڑھ کر مدد کی اور امدادی سامان سے بھری 30 ٹرینیں پاکستان بھجوائیں، ترکیہ سے 15 طیارے امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے جہاز کی تیاری میں حصہ لینے والوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ روس اور یوکرین سے گندم درآمد کرنے کے معاہدے میں ترک صدر کا کردار قابل ستائش ہے۔