کراچی،راشدمنہاس روڈ پر شاپنگ مال میں آگ لگ گئی دم گھٹنے سے 11افراد جاں بحق،27 زخمی

06:32 PM, 25 Nov, 2023

احمد علی
کراچی میں راشد منہاس روڈ پر شاپنگ مال میں آگ لگنے کے سبب 11افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں راشد منہاس روڈ پر شاپنگ مال میں خوفناک آگ سے11افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 27 افراد زخمی ہوئے ہیں۔آگ سے 45افراد کو بچا لیا گیا ہے۔9 میتوں کو جناح اسپتال ، ایک سول اور ایک کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیاگیا ہے۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق صبح 6 بجے لگنے والی آگ عمارت کی چھٹی منزل سے چوتھی منزل تک پھیلی جس وجہ سے درجنوں دکانیں جل گئی ہیں جب کہ کثیر المنزلہ مال اور اطراف کی عمارتوں کی بجلی معطل کردی گئی ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ دم گھٹنے کے نتیجے میں گیارہ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ دیگر 8 افراد کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے، عمارت کے اندر مزید لوگوں کے ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق 12 گاڑیاں، 2 اسنارکل اور تقریباً 50 فائر فائٹر کی مدد سے آگ بجھانے میں مصروف تھے جب کہ اب آگ پر قابو پالیا گیا ہے لیکن ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں دھواں بھرنےکے باعث آگ بجھانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، فائر بریگیڈ کے علاوہ ریسکیوکے دیگرادارے بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں، تاہم عمارت میں آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی ہے۔
مزیدخبریں