ویب ڈیسک: بیرسٹر گوہر اور بیرسٹرسیف کی عمران خان سےملاقات ختم ہوگئی، ملاقات 2 گھنٹے تک جاری رہی جس میں احتجاج سے متعلق مشاورت اور اہم فیصلےکرلیے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصلوں سے متعلق علی امین گنڈاپوراور بشریٰ بی بی سے بھی مشاورت کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے، ان کے ساتھ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف بھی اڈیالہ جیل پہنچے۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان بھی اس موقع پر اڈیالہ جیل پہنچے۔
ذرائع نے بتایا کہ پارٹی رہنما بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسلام آباد احتجاج کے معاملے پر اعتماد میں لیں گے۔
بعد ازاں عمران خان کے ساتھ پی ٹی آئی رہنماؤں کی ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات ختم ہوئی، جس کے بعد پی ٹی آئی رہنما جیل سے واپس روانہ ہو گئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ میری بانی پی ٹی آئی سے اہم ملاقات ہوئی ہے، عمران خان کے احتجاج کی کال فائنل ہے، احتجاجی کال واپس لینے کی بات ہی نہیں۔
صحافی نے سوال کیا کہ مذاکرات جو چل رہے ہیں، اس کا کچھ بتا دیں، جس پر بیرسٹر گوہر نے جواب دیا کہ جی اس پر آپ کو ان شا اللہ بتائیں گے وہ چل رہے ہیں۔