پی ٹی آئی کارکنوں کا تشدد ،1 پولیس اہلکار جاں بحق، 5 کی حالت تشویشناک، عظمیٰ بخاری

05:54 PM, 25 Nov, 2024

(ویب ڈیسک )   وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری  کا کہنا ہے کہ   پی ٹی آئی کے کارکنوں کے تشدد سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا ہے جبکہ  70 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ  کانسٹیبل مبشر نے کچھ دیر پہلے دم توڑا ہے جبکہ 5 اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔

انہوں نے بتایا کہ  پولیس اہلکاروں کو گردن اور ٹانگوں پر گولیاں ماری گئیں، گولیاں مارنے والے یوتھ فورس کے لوگ ہیں جنہیں باہرسے لایا گیا۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ   سروں کو ٹارگٹ کرنا طالبان کا طریقہ کار ہے، ہمارے بچے اتنے سنگدل نہیں کہ پولیس کو ماریں۔

ان کا کہنا تھا کہ  پولیس والوں کو بھی بندوق پکڑا دی جائے تو دیکھتی ہوں یہ کیسے مقابلہ کرتے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ان کا ایجنڈا ہے ریاست گولی چلائے اور انہیں لاشیں ملیں، یہ کل بھی دہشت گرد تھے اور آج بھی دہشت گرد ہیں، بانی پی ٹی آئی کے ہوتے ملک کا بھلا نہیں ہوسکتا۔پی ٹی آئی 9 مئی پارٹ 2 چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  علی امین گنڈا پور غائب ہیں، بشریٰ بی بی ریلی کی قیادت کر رہی ہیں، انہوں نے خطاب بھی کیا ہے، اب کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ بشریٰ بی بی گھریلو خاتون ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ  بشریٰ بی بی کو سیاست میں خوش آمدید کہتےہیں، کھل کر کھیلیں ہمیں بھی کھیلنے کا مزہ آئے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ  ریاست کو ہر قیمت پر صبر اور تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے، ہم ایف آئی آر کاٹتے ہیں، یہ نعرے لگاتے ہوئے رہا ہوجاتے ہیں، کیا کریں؟

مزیدخبریں