ویب ڈیسک: سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی طبیعت ناساز ہو گئی، بشریٰ بی بی کے آج شوکت خانم میں چیک اپ کرائے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق بشریٰ بی بی کی ترجمان مشال یوسفزئی نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ بشریٰ بی بی کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے،کل رات ڈینٹسٹ نے انکا چیک اپ کیا ،بشری بی بی کو شدید انفیکشن ہوا ہے،انفیکشن کے باعث بشری بی بی کے کان سے بھی خون آ رہا تھا،بشری بی بی کے مزید ٹیسٹ آج ہونگے۔
مشعال یوسفزئی نے کہا کہ میڈیا پر بشریٰ بی بی کے حوالے خبروں میں کوئی صداقت نہیں، بشریٰ بی بی نے کوئی ہنگامی اجلاس نہیں بلایا، بشریٰ بی بی ایک گھریلو خاتون ہیں سیاسی سے کوئی تعلق نہیں۔
ذرائع کے مطابق سابق خاتون اول کا آج شوکت خانم پشاور میں چیک اپ کا بھی امکان ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی 9 ماہ بعد ضمانت پر رہا ہونے کے بعد اڈیالہ جیل سے پہلے بنی گالہ پہنچیں اور پھر پشاور روانہ ہو گئی تھیں، بشریٰ بی بی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہاؤس کی انیکسی میں رہائش پذیر ہیں۔