دانیا شاہ کے شوہر حکیم شہزاد لوہاپاڑ کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

03:28 PM, 25 Oct, 2024

ویب ڈیسک: ملتان کی مقامی عدالت نے سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کے الزام میں ٹک ٹاکر اور یوٹیوبر حکیم شہزادلوہاپاڑ کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) کے حوالے کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکیم شہزاد کو سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کریمنل ڈویژن کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ معروف ٹیلی ویژن اینکر ڈاکٹرعامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ اور ملزم حکیم شہزاد کی موجودہ اہلیہ دانیہ شاہ بھی سماعت کے موقع پرعدالت میں موجود تھیں۔

یاد رہے کہ بدھ کو ایف آئی اے سائبر کرائم کی ٹیم نے ملزم کو شجاع آباد سے گرفتار کیا تھا۔

ایف آئی کے مطابق حکیم شہزاد نے نجی کالج کی طالبہ کے حوالے سے اپنی ویڈیوز میں افواہیں پھیلائیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بارے میں بھی نفرت آمیز ویڈیوز اپلوڈ کیں۔

ایف آئی اے نے استدعا کی کہ ملزم سے متنازع ویڈیوز کی ریکوری اور ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔

واضح رہے کہ حکیم شہزاد نے کچھ عرصہ قبل دانیہ شاہ سے شادی کی تھی۔ حکیم شہزاد ٹک ٹاک، یوٹیوب اور فیس بک پر اپنی وائرل ویڈیوز کی وجہ سے مشہور ہیں اور وہ اکثر اپنی ویڈیوز میں مریضوں کے علاج کے لیے اپنی تیارکردہ دواؤں کا پرچار کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ایف آئی اے نے جس وائرل ویڈیو کی وجہ سے انہیں گرفتار کیا ہے اس میں حکیم شہزاد چاچا سرائیکی نامی ٹک ٹاکر کو لاہور کے نجی کالج میں رونما ہونے والے مبینہ واقعے پر بات نہ کرنے سے متعلق پوچھتے ہیں جس پر چاچا سرائیکی نامناسب جواب دیتے ہیں۔

اس کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں انہوں نے اپنی گفتگو پر معذرت بھی کی تھی۔

مزیدخبریں