ڈاکٹر ذاکر نائیک کو بہو کی تلاش، شرائط بھی بتا دیں
04:30 PM, 25 Sep, 2021
ویب ڈیسک: معروف اسلامی مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک اپنی بہو تلاش کر رہے ہیں۔ جمعہ کے روز فیس بک پر اس حوالے سے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اپنے بیٹے فارق کے لیے موزوں شریک حیات تلاش کرنے کے تقاضے شیئر کیے۔ ڈاکٹر ذاکر نے بہو کے لیے مطالبات کی ایک فہرست شیئر کی جس میں”اچھے کردار کی ایک نیک مسلمان لڑکی“ ان کی پہلی ترجیح ہے جو ان کے بیٹے کے لیے ایک اچھی بیوی ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ میں اپنے بیٹے فارق کے لیے بیوی کی تلاش کر رہا ہوں جو اچھے کردار کی مالک مسلمان لڑکی ہو تا کہ میرا بیٹا اور ان کی بیوی ایک دوسرے کے لیے رہنمائی اور طاقت کا ذریعہ بن سکیں۔ ڈاکٹر ذاکر نے مزید کہا لکھا کہ اگر آپ کسی لڑکی کے باپ یا رشتہ دار ہیں جسے آپ اہل سمجھتے ہیں اور جو شادی کی ان شرائط کے بارے میں سوچنے کے لیے راضی ہے تو میں آپ سے درخواست کروں گا کہ اس پوسٹ کا مطلوبہ معلومات کے ساتھ جواب دیں۔ انھوں نے اپنے بیٹے اور باقی خاندان کے بارے میں معلومات بھی اسی پوسٹ میں شیئر کیں۔ بہو کے لیے رکھی شرائط میں یہ شامل ہیں کہ قرآن و احادیث کی روشنی میں اسلام پر چلنے والی ہو ۔ حرام چیزوں سے دور رہنے والی ہو، جتنا زیادہ ممکن ہو مستحب (سنت) پر عمل کرے۔ نیک ہو، سیدھے رستے پر چلنے والی ہو، اچھے اخلاق کی مالک ہو، نرم دل اور ہمدرد ہو۔ اپنے خاوند کا ساتھ دینے والی ہو۔ سادہ اور غیر رئیسانہ زندگی گزارنے کی خواہشمند ہو۔