مفتاح نے استعفی نواز شریف کو پیش کردیا، اسحاق ڈار وزیر خزانہ نامزد

03:30 PM, 25 Sep, 2022

احمد علی
لندن : لندن میں ہونے والے اجلاس میں مفتاح اسماعیل نے اپنا استعفی قائد محمد نوازشریف کو پیش کردیاجبکہ قائد نواز شریف اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سینیٹر اسحاق ڈار کو وزیرِ خزانہ کے لئے نامزد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف کی زیرصدارت لندن میں اہم پارٹی اجلاس ہوا، وزیراعظم شہبازشریف، اسحاق ڈار، مریم اورنگزیب، مفتاح اسماعیل،ملک محمد احمدخان اور احد چیمہ نے اجلاس میں شرکت کی ، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی وقومی صورتحال پر تفصیلی غور کیاگیا۔ اجلاس میں مفتاح اسماعیل نے اپنا استعفی قائد محمد نوازشریف کو پیش کیا۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وزارت آپ کی امانت تھی، آپ نے ہی وزیر بنایا تھا، چار ماہ میں اپنی بھرپور صلاحیت سے کام کیا، پارٹی اور ملک سے وفاداری نبھائی۔ قائد محمد نوازشریف نے مشکل ترین حالات میں ذمہ داریاں نبھانے پر مفتاح اسماعیل کی کوششوں کو سراہا ۔اجلاس میں کہا گیا کہ سابق حکومت کی لگائی معاشی تباہی کی آگ موجودہ حکومت کوبجھانا پڑی۔ قائد نواز شریف اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سینیٹر اسحاق ڈار کو وزیرِ خزانہ کے لئے نامزد کر دیا ۔
مزیدخبریں