کوئٹہ:پولیس موبائل پر دھماکا، 2 اہلکار سمیت 12 افراد زخمی

10:34 AM, 25 Sep, 2024

ویب ڈیسک: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس موبائل پر دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے قریب دھماکا ہوا ہے، خالق شہید تھانے کی موبائل گشت پر تھی کہ موبائل گاڑی کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار سمیت 12 افراد زخمی ہوئے جبکہ واقعے میں ایک زخمی کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

دھماکا ہوتے ہی ریسکیو ٹیمیں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکار دھماکے کی جگہ پہنچ گئے، جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیات شروع کردیں۔

زخمیوں کو ابتداٸی شعبہ حادثات سول اسپتال میں طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی شناخت عبدالحفیظ، محمد عیسی، قدیر احمد، نعمت اللہ، عبدالقدیر، دین محمد، خلیل احمد، نسیم، حسنین، سیف اللہ، نعمت ولد حاجی محمد افضل اور عبدالقاہر کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے، دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے، دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا، دھماکے کی جگہ کے قریب ایک تباہ موٹرسائیکل پڑی ہوئی ہے۔

مزیدخبریں