اسٹیبلشمنٹ سے رابطےختم،عمران خان نے علی امین گنڈاپورکونیاٹاسک دیدیا

11:33 AM, 25 Sep, 2024

ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو اسٹیبلشمنٹ سے رابطے ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے احتجاجی تحریک لیڈ کرنے کا ٹاسک دے دیا۔ عمران خان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کا ٹاسک انہوں نے ہی دیا تھا اور اب اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے ختم کرنے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بانی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ اس وقت احتجاجی تحریک کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ موجود نہیں ہے۔ عمران خان نے وزیراعلیٰ علی امین کو واضح کردیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا ٹاسک میں نے ہی دیا تھا اب اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں کی جائے گی۔ اسٹیبلشمنٹ نے ہمارے ساتھ دھوکا کیا ہے، اس کے بعد مذاکرات کے تمام راستے بند کردیے جائیں۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو ہر صورت راولپنڈی جلسے میں پہنچنے اور جمعرات اور جمعے کی احتجاجی ریلیوں کی تیاریوں کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو راولپنڈی کے بعد لاہور میں دوبارہ جلسہ کرنے کا بھی ٹاسک دے دیا ہے۔ لاہور جلسے میں لائحہ عمل کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

مزیدخبریں