اسرائیل لبنان جنگ، سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ، برطانوی شہریوں کے انخلا کاحکم

12:49 PM, 25 Sep, 2024

ویب ڈیسک :لبنان کی کشیدہ صورتِ حال کے پیشِ نظر فرانس کی درخواست پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بدھ کو طلب کر لیا گیا ہے۔

اجلاس میں خطے کی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ لبنان جنگ کے دہانے پر ہے۔ ان کے بقول لبنان کے عوام، اسرائیل کے لوگ اور پوری دنیا لبنان کو ایک اور غزہ بننے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

برطانیہ نے اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔ برطانیہ نے قبرص میں 700 فوجی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ برطانوی شہریوں کے انخلا میں معاونت کر سکیں۔

 دو برطانوی جنگی بحری جہاز پہلے ہی اس خطے میں موجود ہیں اور  ضرورت پیش آئی تو برطانوی شہریوں کے  انخلاء کے لئے  ان کا استعمال کیا جائے گا جبکہ رائل ایئر فورس کے طیارے اور ہیلی کاپٹر بھی اسٹینڈ بائی پر ہیں۔

 برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی نے بھی تمام برطانویوں پر زور دیا کہ وہ  فوری لبنان چھوڑ دیں۔

برطانوی فضائی کمپنی ' برٹش ایئرویز ' نے منگل کے روز سے اپنی اسرائیل کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔ 

لبنان میں حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان گھمسان کی جنگ کے دوران اسرائیلی فورسز نےجنوبی لبنان کے دیہاتوں اور شہروں پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہو ہے۔ ان حملوں میں وادی بقاع اور دوسرے علاقوں میں حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل کے بیروت پر حملے میں اپنے اہم کمانڈر کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جب کہ لبنان کا کہنا ہے کہ صرف امریکہ ہی جنگ بندی ممکن بنا سکتا ہے۔

حزب اللہ نے بدھ کی صبح تصدیق کی ہے کہ منگل کو بیروت پر اسرائیلی حملے میں اس کے سینیئر کمانڈر ابراہیم قبیسی کی موت ہوئی ہے۔

ابراہیم قبیسی حزب اللہ کے میزائل اور راکٹ گروپ کے کمانڈر تھے۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ابراہیم قبیسی اسرائیل پر میزائل حملوں میں ملوث تھے جب کہ انہوں نے سال 2000 میں اسرائیل پر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ اس حملے میں تین اسرائیل فوجی اغوا اور ہلاک ہوئے تھے۔

 دوسری طرف لبنان میں اہم علما کے قتل کی اطلاعات ہیں۔

العربیہ/الحدث کے ذرائع نے بقاع کے علاقے میں حزب اللہ سے وابستہ ایک سرکردہ عالم دین الشیخ علی ابو ریعہ کے قتل کی اطلاع دی ہے۔

ذرائع نےبتایا ہے کہ الشیخ امین سعد کو جنوبی لبنان میں بنت جبیل شہر میں قتل کیا گیا تھا اور ساتھ ہی الشیخ عبدالمنعم مہنا کو بھی ہلاک کردیا گیا ہے۔

مزیدخبریں