پی ٹی آئی نے لیاقت باغ میں جلسے کیلئےدرخواست دائر کردی

03:37 PM, 25 Sep, 2024

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف نے لیاقت باغ میں جلسے کے لیے ہائی کورٹ راولپنڈی بینج میں درخواست دائرکردی۔

تفصیلات کے  مطابق ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کل پی ٹی آئی کی لیاقت باغ میں جلسے سے متعلق درخواست کی سماعت کرے گا۔درخواست  پی ٹی آئی کے ضلعی صدر چوہدری امیر افضل اور عاقل خان ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جلسے کی  اجازت کےلیے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی ہے تاہم جواب نہیں دیا جارہا۔ آئین کے تحت پرامن سیاسی جلسہ ہمارا قانونی حق ہے۔ لیاقت باغ یا بھاٹہ چوک منڈی میں جلسے کی اجازت دینے کا حکم دیا جائے۔ انتظامیہ کے احکامات کی پابندی کریں گے اور 28 ستمبر کو پرامن جلسہ ہوگا۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جلسے کے انتظامات اور سیکورٹی کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کو بھی آگاہ کیا گیا،حکومت ہماری آواز کو دبانے کے لیے ریاستی مشینری کا استعمال کر رہی ہے،پولیس کو جلسے سے قبل ہمارے کارکنان اور قیادت کی گرفتاری سے روکا جائے۔

درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہمارے کارکان کو سیاسی تحفظات کی بنیاد پر آزادی اظہار رائے سے روکا جارہا ہے،سیاسی سرگرمیوں سے روکنا آئین کا آرٹیکل 15 کی خلاف ورزی ہے،کارکنان کے ساتھ امتیازی سلوک آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت ملنے والے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں کمشنر، ڈپٹی کمشنر، سی پی او، ہوم ڈیپارٹمنٹ اور صوبائی حکومت کو فریق بنایا گیا  ہے۔

مزیدخبریں