(ویب ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ آپ نے پارلیمان کو نہیں، پارلیمنٹ نے آپ کو بنایا ہے، ہم نے کہا آپ 17 ہوں گے تو آپ 17 ہیں، ہم نے کہا کہ آپ کی تنخواہ اور پنشن اتنی ہوگی۔
مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئین کہتا ہے کہ آزاد رکن تین دن میں کسی پارٹی میں شامل ہو سکتا ہے۔ جب آئین و قانون تین دن کا کہتا ہے تو آپ 15 دن کہاں سے لے آئے؟، ملک کی سب سے بڑی عدالت کو آئین کے تحت ہی کام کرنا ہے، جب آپ آئین کی پاسداری نہ کریں تو ہم کہاں جائیں؟۔
انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے فیصلے کو دو ماہ ہو گئے، ہماری اپیلیں سماعت کیلئے نہیں لگ رہیں، مخصوص نشستوں کے فیصلے پر بہت سے سوالات پیدا ہوئے، عدلیہ کی حدود کے تجاوز کی وجہ سے آئین کی بہت سی شقیں مفلوج ہوگئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین میں لکھا ہے کہ پارلیمنٹ میں کی گئی کوئی آئینی ترمیم کسی عدالت میں چیلنج نہیں ہوسکتی، آئین کہتا ہے کہ مجلس شوریٰ کی اتھارٹی کی کوئی حد ہی نہیں ہے، جب آئین کہتا ہے کہ کوئی ترمیم چیلنج نہیں ہو سکتی تو پھر کیسے ہوتی ہے؟۔
سینیٹرعرفان صدیقی نے کہا کہ غیر آئینی فیصلے کے بعد ہم پر چابک نہ ماریں کہ آپ فیصلہ کیوں نہیں مانتے، آپ آئین نہیں بناتے، آئین اور قانون ہم بناتے ہیں۔ آپ نے پارلیمان کو نہیں، پارلیمنٹ نے آپ کو بنایا ہے، ہم نے کہا آپ 17 ہوں گے تو آپ 17 ہیں، ہم نے کہا کہ آپ کی تنخواہ اور پنشن اتنی ہوگی۔