کوئوں نے اٹلی کے شہریوں پر دھاوا بول دیا ٗ متعدد زخمی

روم ( ویب ڈیسک ) اٹلی کے شہر روم میں ان دنوں ایک ایسی آسمانی آفت نے شہریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے جن کا پرتشدد رویہ بہت کم دیکھنے میں آتا ہے ٗ روم کے شہری گھر سے نکلتے ہیں اور انہیں یہ معلوم نہیں ہوتا کہ کب آسمان سے ایک کوا آئے اور ان کے سر پر شدید حملہ کر دے گا اور اس طرح کے متعدد حملوں میں کئی شہری زخمی بھی ہو چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق روم کے شہری ایک طرف کورونا سے نمٹنے میں مصروف ہیں تو دوسری طرف جب وہ گھروں سے نکلتے ہیں تو کوے ان کے سروں کو نشانہ بنانا شروع کردیتے ہیں ٗ روم کے شہری ان حملوں سے خود کو بچانے کیلئے کبھی سر پر جیکٹ رکھ لیتے ہیں اور کبھی کوئی اور چیز ۔ اکثر رومی باشندوں نے اپنے ہاتھ میں لکڑی کی چھڑی رکھنا شروع کردی ہے مگر ان سب انتظامات کا کوئی فائدہ نہیں ہو رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان دو کوئوں نے ایک خاتون کے سر پرحملہ کیا ٗ ان کے بالے نوچے ٗایک کوے نے ان کے کپڑے تک پھاڑ دئیے اور وہ خاتون بڑی مشکل میں اپنے ہاتھ میں پکڑا ہوا پیزے کا ڈبہ مار کر ان کوئوں سے بچنے میں کامیاب ہوئیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کوے حملہ صرف اپنے کنبے کی حفاظت کیلئے کرتے ہیں ٗ مگر روم میں معاملہ اس سے مختلف ہے ٗ ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ روم میں کوڑے اور چوہوں کی کثرت کی وجہ سے کوے زیادہ تعداد میں یہاں پر آگئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں