ویب ڈیسک: بھارت میں کورونا وائرس کی لہر شدت اختیار کر گئی ہے، ایسے وقت میں بالی ووڈ اداکاروں کی جانب سے انتہائی غیر سنجیدگی کامظاہرہ دیکھنے میں آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی جانب سے کورونا صورتحال کے باوجود بے حسی اور غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا گیا، سوشل میڈیا صارفین بھارتی اداکاروں کی جانب سے سیر سپاٹوں کی تصاویر سامنے آنے پر شدید ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں، صارفین کا کہنا ہے کہ بھارت میں کورونا کی وجہ سے ابتر صورتحال ہے تاہم سرمایہ داروں کو اس کی کوئی پرواہ نہیں. دیشا پٹانی اور ٹائیگر شروف پر بھی اس حوالے سے تنقید کی جا رہی ہے کہ جب بھارت میں کورونا کی دوسری لہر شدت اختیار کر چکی ہے یہ اداکار مالدیپ میں چھٹیاں گزارنے چلے گئے. صارفین کا کہنا ہے کہ اداکاروں کو اس لہر سے مقابلے میں دوسرے لوگوں کی مدد کرنی چاہیے. دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین بالی وڈ ہیرو اکشے کمار کی تحسین کر رہے ہیں جنہوں نے بھارت میں پھیلی عالمی وبا کورونا کے خلاف اقدامات کرنے کے لیے ایک کروڑ روپےکی مالی امداد پیش کر دی ہے۔قبل ازیں ایک انٹرویو میں بھارتی اداکارہ شروتی ہاسن نے کہا "میں کسی کو کا جج نہیں کرنا چاہتی تاہم ملک میں ایک وبائی صارتحال ہے اور اس طرح کے غمزدہ ماحول میں چھٹیاں گزارنا بے حسی ہے ، مجھے خوشی ہے کہ انہوں نے چھٹیاں منائیں ، ان کے پاس اس کا حق ہے۔ لیکن میں ذاتی طور پر مانتی ہوں کہ یہ وقت نہیں ہے کہ آپ ماسک کے بغیر سوئمنگ پول میں جائیں اور ساحل سمندر پر تفریح کریں۔ یہ سب کے لئے مشکل وقت ہے اور کچھ لوگوں کے لئے بہت مشکل حالات ہیں۔ میرا خیال ہے کہ آپ کو جو سہولیات حاصل ہیں، اس کے لئے آپ شکر گزار ہوں تاہم لوگوں کو اپنی آسائشیں نہ دکھائیں۔ "
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی ایسی ہی خبریں سامنے آئی تھیں کہ بھارت کے کئی سرمایہ دار افراد نے پرائیویٹ فلائٹس کے ذرئعے ملک سے روانگی اختیار کر لی تھی۔
واضح رہے کہ بھارت میں اب تک ایک کروڑ 70 لاکھ سے زائد کورونا کیسز سامنے آ چکے ہیں، اسپتالوں میں مریضوں کے لیے جگہ کم پڑ گئی ہے اور شمشان گھاٹوں کے باہر میتوں کی آخری رسومات کے لیے طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔